Live Updates

عمران خان نے توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی اور جیل ٹرائل کو عدالت میں چیلنج کر دیا

الیکشن کمیشن عدالت نہیں ، الیکشن کمیشن نے جیل ٹرائل کا فیصلہ کیا ہے جو غیر قانونی ہے، لاہور ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کا جیل ٹرائل کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔درخواست میں استدعا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 9 دسمبر 2023 11:47

عمران خان نے توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی اور جیل ٹرائل کو عدالت ..
لاہور(اردوپوائنٹ، تازہ ترین اخبار، 9 دسمبر 2023) بانی پی ٹی آئی نے توہین الیکشن کمیشن کی کاروائی اور جیل ٹرائل کو عدالت میں چیلنج کر دیا۔ بانی پی ٹی آئی نے سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر سمیر کھوسہ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ۔ درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور اڈیالہ جیل کے سپرینڈنٹ کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں موقف اپنایاگیا کہ الیکشن کمیشن نے غیر قانونی طور پر توہین الیکشن کمیشن کی کاروائی شروع کر رکھی ہے۔

الیکشن کمیشن عدالت نہیں ہے، کمیشن کے پاس توہین کمیشن کی کاروائی کا اختیار نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن نے اس کیس میں جیل ٹرائل کا فیصلہ کیا ہے جو غیر قانونی ہے۔ جیل میں خفیہ ٹرائل آئین کے آرٹیکل چار کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 13 دسمبر کی تاریخ جیل میں فرد جرم کی کاروائی کے لیے مقرر کر رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کا جیل ٹرائل کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

عدالت اوپن اور فری اینڈ فئیر ٹرائل کا حکم جاری کرے۔ لاہور ہائیکورٹ درخواست کے حتمی فیصلے تک خفیہ ٹرائل کے زریعے فرد جرم کی کاروائی روکے۔اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے لیکشن کمیشن کا دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا فیصلہ بھی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا ۔اس حوالے سے آئینی درخواست سابق چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے دائر کی گئی۔

درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں کہا گیا کہ گذشتہ برس 10 جون کو قانون اور آئین کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن کرائے۔ الیکشن کمیشن نے 20 دن کے اندر دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا غیر قانونی حکم پاس کیا۔ الیکشن کمیشن کا حکم غیر قانونی اور آئین کے بھی منافی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کا دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم کالعدم قرار دے۔ عدالت دس جون 2022 کو کرائے گئے انٹرا پارٹی الیکشن کودرست قرار دے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات