غزہ پر امریکی ویٹو انسانیت کے خلاف اقدام قرار

امریکی ویٹو اسے غزہ میں قتل عام میں شریک بناتا ہے،ڈاکٹرزودآئوٹ بارڈرز

ہفتہ 9 دسمبر 2023 12:53

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2023ء) ڈاکٹرز ودآٹ بارڈرز نے غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد کے مسودے کو روکنے کے لیے امریکا کے ویٹو کے استعمال پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے انسانیت کے خلاف ووٹ قرا ردیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈاکٹروں کی عالمی تنظیم نے سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کرنے کو غزہ میں جاری قتل عام میں امریکا کی شرکت قرار دیا ہے۔

تنظیم نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی ویٹو ان اقدار سے متصادم ہے جن کا امریکا دعوے کرتا ہے۔

(جاری ہے)

امریکا دنیا میں امن کا پیغام دیتا ہے اور یہ دعوی کرتا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرتا ہے مگر غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کرنا امریکا کے ان دعووں کی عملی نفی ہے۔تنظیم نے فوری جنگ بندی کی ضرورت پر بھی زور دیا اور خبردار کیا کہ امریکی ویٹو اسے غزہ میں قتل عام میں شریک بناتا ہے۔اس کے علاوہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی امریکی ویٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ شہریوں کی تکالیف، وسیع پیمانے پر تباہی اور غزہ کی پٹی میں غیر مسبوق انسانی تباہی کو دیکھ کر دانستہ بے حسی کا مظاہرہ کرنے کے مترادف ہے۔