افغان حکومت کی انسانی حقوق کے معاملے پرامریکی پابندیوں کی مذمت

ہفتہ 9 دسمبر 2023 18:18

افغان حکومت کی انسانی حقوق کے معاملے پرامریکی پابندیوں کی مذمت
کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2023ء) افغان حکومت نے اپنے دو رہنمائوں پر انسانی حقوق کے معاملے پر امریکی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا خود فلسطین میں اسرائیلی ظالمانہ کاروائیوں میں براہ راست ملوث ہے۔ افغان وزارت کارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے سوشل میڈیا ایکس پر اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کرنے کی امریکی فیصلے کی مذمت کی۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق امریکا انسانی حقوق کا معاملہ اپنے مفادات کیلئے استعمال کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی دن پر فلسطین میں اسرائیل کے جنگی جرائم کی مذمت کرنے اور ان کے ذمہ داران پر پابندیاں لگانے کی بجائے امریکا وزارت خزانہ نے اسلامی امارت کے اہلکاروں پر پابندیاں عائد کری ہیں۔ افغان وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے سیاسی مقاصد کے لئے انسانیت کو یرغمال بنایا ہے۔