بلوچستان ریزیڈینشیل کالج ژوب کے 26 طلباء کا گورنر ہاؤس پشاور کا مطالعاتی دورہ

طلباء گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے ملاقات کی، گورنر ہاؤس پشاور سے متعلق تاریخی معلومات حاصل کیں

اتوار 10 دسمبر 2023 19:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2023ء) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے چھٹی کا روز انتہائی مصروف ترین گزارا، اتوار کے روز گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے بلوچستان ریزیڈینشیل کالج ڑوب (BRCZ) کے 26 طلباء کو گورنر ہاؤس پشاور کے مطالعاتی دورہ پر مدعو کیا،گورنر ہاؤس کا دورہ کرنیوالے طلباء کا تعلق بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، لورالائی، ڑوب، موسی خیل، ہرنائی، کوہلو،زیارت مستونگ،شیرانی، پشین اور دکی سے تھا۔

طلباء نے گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے ملاقات کی اور گورنر ہاؤس پشاور سے متعلق تاریخی معلومات حاصل کیں. پرنسپل پروفیسر گل دار علی خان سمیت کالج کے اساتذہ یوسف شیرازی، اکبر خان، سردار علی خان بھی طلباء کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

گورنر نے بلوچستان کے تمام اضلاع کے طلباء کو گورنر ہاوس آمد پر خوش آمدید کہا اور طلباء کو ملکی ترقی،ریاست و ریاستی اداروں کیخلاف منفی پروپیگنڈا کے خاتمہ کیلئیکردار ادا کرنیکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ طلباء اپنی تعلیم کے درست استعمال سے موثر کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ طلباء کو اپنے اپنیاضلاع کے قدرتی وسائل پر تحقیق کرکے علاقائی غربت کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی روایات و ثقافت مشترک ہے،دونوں صوبوں کے نوجوانوں پر ملک و صوبہ کی ترقی و خوشحالی کی زیادہ زمہ داری ہے۔علاوہ ازیں گورنر حاجی غلام علی بیورو چیف جیو نیوز پشاور شکیل فرمان علی کی رہائشگاہ کوچہ محمد جان مینا بازار پہنچے اور ان کی والدہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی۔

گورنر نے بیورو چیف شکیل فرمان علی و دیگر لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت و درجات بلندی اور لواحقین کیلئے صبر وجمیل کی دعا کی۔مینا بازار میں گورنر نے عام افراد اور دکانداروں سے بھی ملاقاتیں کی اور ان کے درمیان گھل مل گئے، بازار میں موجود عوام علاقہ، دکانداروں و خریداروں نے گورنر کے ساتھ تصاویر بنائیں اور خوشی کا اظہار کیا، بعد ازاں گورنر حاجی غلام علی فرنٹیئر پوسٹ کے مالک و سینئر صحافی مرحوم رحمت شاہ آفریدی کی رہائشگاہ آبدرہ روڈ گئی. اور مرحوم رحمت شاہ آفریدی کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

گورنر نے مرحوم کے بیٹے بلال آفریدی و دیگر لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت و درجات بلندی اور لواحقین کیلئے صبر و جمیل کی دعا کی۔ دریں اثناء گورنر نے سابق صوبائی وزیر مولانا امان اللہ حقانی کے خالہ زاد بھائی خالد محمود کے نماز جنازہ میں بھی شرکت کی۔ مرحوم کے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔