Live Updates

بشریٰ انصاری نے نواز شریف کو قابل احترام شخص قرار دیدیا

لوگوں سے گزارش ہے بات کا بتنگڑ نا بنائیں مہربانی ہو گی، میں اپنی رائے اپنے پاس محفوظ رکھتی ہوں

پیر 11 دسمبر 2023 11:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2023ء) فنون لطیفہ اور مختلف طبقات کی جانب سے شدید تنقید کے بعد معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے مسلم لیگ( ن) کے قائد نواز شریف کو قابل احترام شخص قرار دیدیا۔بشریٰ انصاری کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل تھا جس میں انہوں نے نام لیے بغیر نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا تاہم اب اداکارہ نے اپنے بیان کی وضاحت پیش کی ہے۔

حال ہی میں انسٹاگرام پر اداکارہ نے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انکا کہنا تھا مجھے کچھ دن قبل آرٹس کونسل میں ایک تقریب میں مدعو کیا گیا جہاں گفتگو کے دوران میرے والد بشیر احمد کا ذکر ہوا تو میں نے ان کی زندگی کے مختلف پہلوئوں پر گفتگو کی اور اسی دوران یہ کہہ ڈالا کہ نواز شریف کی پارٹی کا آدمی بابا جان کو رشوت دینے آیا جو انہوں نے لی نہیں۔

(جاری ہے)

سینئر اداکارہ کا اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہنا تھا یہ بھی حقیقت ہے کہ اس آدمی کو نواز شریف نے خود نہیں بھیجا تھا کیونکہ یہ چیز مجھے معلوم ہے کہ ہر پارٹی میں کئی لوگ ایسے ہوتے ہیں جو یہ عمل خود سے کرتے ہیں، میں نواز شریف صاحب کی بہت عزت کرتی ہوں لیکن اس وقت سوشل میڈیا پر میری بات کو جو غلط رنگ دیا جا رہا ہے اس سے میرا کوئی تعلق نہیں اور درخواست کرتی ہوں یہ سب نہ کیا جائے، کسی سیاسی پارٹی میں شامل نہیں ہونا چاہتی۔

ان کا کہنا تھا نواز شریف، آصف زرداری، عمران خان سب ہمارے لیڈرز ہیں اور میں سب کی عزت کرتی ہوں، سب نے کچھ اچھے کام کیے ہیں لیکن سب سے غلطیاں بھی ہوئی ہیں، میں نے نواز شریف کا نام لیکر نہیں کہا کہ انہوں نے رشوت لی ہے، برائے مہربانی بات کا بتنگڑ مت بنائیں، میں اپنی رائے اپنے پاس محفوظ رکھتی ہوں اور الیکشن کے وقت اپنی رائے کا استعمال کرتی ہوں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات