بٹھائی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میرپورخاص میں انٹرنیشنل میڈیکل ریلیف ایجنسی کی جانب سے لگائی گئی

پانچ روزہ مفت طبی کیمپ میں 35 غریب و نادار مریضوں کے انتہائی مہنگے آپریشن مفت کئے گئے

UbaidUllah Kori عبید اللہ کوری بدھ 13 دسمبر 2023 11:57

میرپورخاص( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 دسمبر 2023ء ) بھٹائی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میرپورخاص میں انٹرنیشنل میڈیکل ریلیف ایجنسی کی جانب سے پانچ روزہ مفت سرجیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا- پانچ روزہ مفت طبی کیمپ میں میرپورخاص ڈویژن کے مختلف اضلاع مٹھی سانگھڑ ،عمرکوٹ اور دیگر شہروں کے سینکڑوں کان کے مریضوں کا مفت معائنہ کیا کیا گیا اور انہیں مفت ادویات اور قوت سماعت کے مفت آلے دیئے گئے جبکہ 35 غریب اور نادار مریضوں کے کان کی ہڈی کا مفت آپریشن کیا گیا- یہ نازک آپریشن صرف کراچی اور لاہور کے ہسپتال میں ہی کیا جاتا ہے جو کہ انتہائی مہنگا آپریشن ہے جو کہ مزکورہ میڈیکل کیمپ میں بالکل مفت کیا گیا- انٹرنیشنل میڈیکل ریلیف ایجنسی پروجیکٹ ہیڈ ڈاکٹر ہارون کا کہنا تھا کہ اس پانچ روزہ مفت سرجیکل کیمپ میں میسٹرائڈ سرجری کس میں کان کے پردوں اور کان کی ہڈیوں کے امراض کے نازک آپریشن انٹرنیشنل میڈیکل ریلیف ایجنسی کے تعاون سے امریکہ و برطانیہ کے مایہ ناز ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم نے کئے گئے- دنیا کے مایہ ناز ای این ٹی سرجن ڈاکٹر جنجوعہ نے کہا کہ ان کے ساتھ دنیا کے بہترین آڈیولوجسٹ ڈاکٹرز جن میں برطانیہ کی ڈاکٹر سعدیہ نازش ،ڈاکٹر فرحت ،ڈاکٹر نبیل سلطان ،ڈاکٹر شوکت رضا،ڈاکٹر سید عظیم ،ای این ٹی سرجن ڈاکٹر ہارون ،ڈاکٹر انور معین ،ڈاکٹر شوکت ملک ،پروفیسر ڈاکٹر اوصاف ،پروفیسر ڈاکٹر مغیرہ،ڈاکٹر طارق ضیاء ،ڈاکٹر کیپٹن اقبال،ڈاکٹر محمد مشتاق ،ڈاکٹر اسلم کمالی اور دیگر شامل ہیں انہوں نے اپنی خدمات سر انجام دیں- ڈاکٹر جنجوعہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کان کا علاج بہت مہنگا ہے اس وجہ سے ہمارے غریب پاکستانی یہ علاج کروانے کی استطاعت نہیں رکھتے ان مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے مل کر یہ میڈیکل کیمپ لگایا اور ہمیں اپنے غریب پاکستانیوں کا علاج کر کے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے- دنیا کی مایہ ناز آڈیولوجسٹ ڈاکٹر سعدیہ نازش(برطانیہ) کا کہنا تھا کہ قوت سماعت کا ٹیسٹ انتہائی منہگا ہوتا ہے جو کہ ہماری ٹیم نے انٹرنیشنل معیار کے مطابق بالکل مفت کیا ہے ہمیں پاکستان آ کر اپنے غریب ہم وطنوں کا علاج کر کے دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے انہوں نے کہا ہماری ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم پاکستان میں وقتاً فوقتاً میڈیکل کیمپ قائم کرتی رہے گی- ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود نے میڈیکل و سرجیکل کیمپ کا دورہ کیا اور امریکہ و برطانیہ سے آئے ہوئے ڈاکٹروں سے ملاقات کی اور ان کی کاوشوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے ان زبردست خراج تحسین پیش کیا- بھٹائی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ڈاکٹرز ڈاکٹر مشتاق احمد اور ڈاکٹر کیپٹن اقبال نے کان کے امراضِ کا یہ مفت کیمپ ہرسال لگایا جاتا ہے ہم مریضوں کو تمام سہولیات بالکل مفت فراہم کرتے ہیں اور مریضوں سے کوئی بھی معاوضہ نہیں لیا جاتا- بعد ازاں امریکہ و برطانیہ کے ڈاکٹرز خاص طور پر ڈاکٹر سعدیہ نازش غریب مریضوں اور ان کے ساتھ آئے ہوئے معصوم بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور بچوں کو پیار کیا-