بانی پی ٹی آئی کو بھی بھٹو کے راستے پر لے جایا جا رہا ہے،علیمہ خان

ہم قانون کے اندر رہ کر بانی پی ٹی آئی کے لیے سب کچھ کریں گے، گفتگو

جمعرات 14 دسمبر 2023 18:10

بانی پی ٹی آئی کو بھی بھٹو کے راستے پر لے جایا جا رہا ہے،علیمہ خان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2023ء) بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو بھی ذوالفقار علی بھٹو کے راستے پر لے جایا جا رہا ہے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ہم سب کو یقین تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی چڑھائیں گے، بانی پی ٹی آئی کے کیس کو کس تیزی سے لے جایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ ہم عالمی عدالتوں میں جا رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو پھانسی کے پھندے سے بچائیں گے، سزائے موت بانی پی ٹی آئی کو نہیں عوام کو ہونے جا رہی ہے۔علیمہ خان نے کہا کہ اس سماعت سے بڑا مذاق نہیں ہو سکتا، میڈیا کا جیل میں ہونا ضروری تھا، ہمیں کہا جا رہا تھا کہ یہ کیس انٹرنیشنل کورٹس میں لے کر جائیں، سلمان، قاسم اور فیملی برطانیہ میں کیس کریں گے، بانی پی ٹی آئی نے اتفاق کیا ہے کہ برطانیہ میں بھی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم قانون کے اندر رہ کر بانی پی ٹی آئی کے لیے سب کچھ کریں گے، ایک کیس ہم ڈونلڈ لو کے خلاف امریکا میں کرنے جارہے ہیں۔علیمہ خان نے کہا کہ جنرل باجوہ نے عوام کی منتخب حکومت کو گرایا، جنرل باجوہ، حسین حقانی اور ڈونلڈ لو ملوث ہیں، امریکن اسٹیٹ بتا دے کہ ڈونلڈ لو نے کیا پیغام دیا تھا۔انہوںنے کہاکہ ہمارے وکیل ساری عدالتوں میں جا رہے ہیں، جو دفعات رانا ثناء اللّٰہ نے لگائی ہیں یہ کیس بن ہی نہیں سکتا، ہم پاکستان میں کیس چلاتے رہیں گے۔