خواہش ہے کتب میلہ اسی کامیابی کیساتھ جاری رہے ،عزیز خالد

ہفتہ 16 دسمبر 2023 23:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2023ء) پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد نے کہا ہے کہ 18سال عالمی کتب میلے کے ذریعے یہ کوشش کی تھی کہ ہم اپنے بچوں کے ہاتھ میں اسلحہ کی جگہ کتب دیں اور آج یہ کوشش با آور ثابت ہورہی ہے ہمارے ملک میں بچوں اور خواتین کی تعداد بڑھتی جارہی ہے اور یہاں خواتین اپنے بچوں کوکتب خریدنے کے لیے لا رہی ہیں جب مڈل کلاس کو ہم تعلیم دیں گے تو ہمارے ملک کے بہت سے مسائل حل ہوجائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کوایکسپو سینٹر کراچی میں جاری 18ویں عالمی کتب میلہ 2023کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔عزیز خالد کا کہنا تھا کہ تعلیم یافتہ قوم ہی تعلیم یافتہ معاشرہ تشکیل دے سکتی ہے۔

(جاری ہے)

آپ اور ہم سب مل کر دعا کریں کہ یہ کارواں اسی کامیابی کے ساتھ رواں دواں رہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ملک میں بچے پڑھتے رہیں ۔

ہم ایسا کلچر لے کر آئیں ہمیں خوشی ہو۔نگراں صوبائی وزیر اطلاعات احمد شاہ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے آرٹس کونسل میں اس طرح کا کتب میلہ منعقد کرنے کی دعوت دی وہ بہترین جگہ اور پلیٹ فارم ضرور ہے مگر ایکسپو سینٹر میں لوگ لاکھوں کی تعداد میں آتے ہیں، آرٹس کونسل میں اتنی بڑی جگہ نہیں اور سکیورٹی کے مسائل درپیش ہوتے ہیں ۔وزیر اطلاعات کے اس مطالبہ پر کہ پبلشیرز کو کاغذ پر سبسڈی دی جائے کے ردعمل پر عزیز خالد کا کہنا تھا کہ حکومت نے گذشتہ 18سالوں میں کوئی امداد دی اور نہ ہی ہم نے کوئی امداد لی ہے تاہم حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ درآمدی کاغذ پر ڈیوٹی کم کرے تاکہ کتاب کی قیمت کم ہو جائے ۔

پاکستان پبلیشرز اینڈ بک سیلرز ایسو سی ایشن ہمیشہ اپنی مدد آپ کے ذریعہ کتب میلے کا انعقاد کررہی ہے۔ عزیز خالد کا کہنا تھا کہ کا غذ بنانے والی مقامی کمپنیوں نے اپنی اجارہ داری قائم کرلی ہے درآمدی کاغذ پر پابندی کے بعد ہی لوکل کاغذ مہنگے کر دیئے گئے۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی نعیم الرحمن ،معراج الہدی اور متحدہ قومی مومنٹ (پاکستان) کی رہنما نسرین جلیل نے نمائش کا دورہ کیا۔