آئندہ عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن )سادہ اکثریت سے زیادہ ووٹ حاصل کرے گی، چوہدری جعفر اقبال

اتوار 17 دسمبر 2023 15:30

گجرات /ڈنگہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2023ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 65 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری جعفر اقبال نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن )سادہ اکثریت سے زیادہ ووٹ حاصل کرے گی۔ اتوار کواسلام آباد سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافیوں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ( ن) آئندہ عام انتخابات 2024 کے لئے مکمل تیار ہے، حلقہ این اے 65 میں پہلے بھی ووٹ بینک مسلم لیگ (ن) کا تھا آج بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پر 2002 اور 2018 میں کڑا وقت آیا ہم نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ حلقہ این اے 65 میں مدمقابل پیپلزپارٹی کے پاس قمر زمان کائرہ کے سوا کوئی امیدوار ہی نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

ہم عوام کے پاس اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ہمیشہ گئے اور جائیں گے۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اس وقت جس صورتحال سے دوچار ہیں وہ انکا اپنا کیا دھرا ہے۔

قمر زمان کائرہ ہوں یا فیض الحسن شاہ میرے مقابلے میں انکی کارکردگی حلقہ کے عوام کے سامنے ہے ۔ ہم نظریاتی سیاست کے قائل ہیں اور اس پر کاربند ہیں۔ ملک جس رفتار سے گڑھے میں گر رہا تھا پی ڈی ایم حکومت نے ملک کو بچایا۔ضلع گجرات سے چوہدری برادران نے کبھی نظریاتی سیاست نہیں کی۔حالیہ حلقہ بندیوں سے کم از کم اپنے حلقہ سے متعلق مطمئن ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ادوار کا دیگر حکومتوں سے موازنہ کریں تو ہمارا دور بہترین رہا ہے ۔ملک میں امن و امان ہو یا معیشت کی بحالی قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک نے ہمیشہ ترقی کی منازل طے کیں ۔