بانیان پاکستان کی اولادوںکو بنیادی حقوق دیئے جائیں، سلیم خان قادری

حقوق سلب کرکے پاکستان کے قیام کی جدوجہد کرنے کی سزادی جارہی ہے، کارکنان سے گفتگو

اتوار 17 دسمبر 2023 19:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2023ء) اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کے اکابرین اور ملیادشریف کااہتمام کرنے والی نمائندہ تنظیمات وشخصیات پر مشتمل مرکزی میلادالائنس پاکستان کے بانی وچیف آرگنائزر،مرکزی انجمن سیرت النبی ﷺ گلبہار کے چیئرمین وممتازقومی وسماجی رہنمامحمدسلیم خاں قادری ترابی نے گورنر سندھ محمدکامران خان ٹیسوری سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ تحریک پاکستان میں بیس لاکھ سے زائد شہیدہونے والے اہلسنّت حنفی بریلویوں کی اولادوں کے بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے میں اپنارول اداکریں۔

وہ اپنے دفتر لیاقت آباد میں آنے والے کارکنان اہلسنّت سے بات چیت کررہے تھے،اس موقع پر جمعیت علماء پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری محمدشکیل قاسمی، پاکستان اسلامک فورم کے رہنماورکن جامع مسجد غوثیہ گلبہارناصر حسین خاں،بزم غلامان مصطفی پاکستان ٹرسٹ کے صدرصاحبزادہ محمدصادق قریشی ودیگر بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

محمدسلیم خاں قادری ترابی نے کہاکہ سندھ میں شمع رسالت کے پروانوں اور حضورﷺ کے غلاموں کی غالب اکثریت آبادہے جن کے اکابرین نے تحریک پاکستان میں لاتعدادقربانیاں پیش کیں اور دنیاکے نقشے پر ایک اسلامی فلاحی اور جمہوری مملکت کے قیام کے لئے تاریخ عالم کی سب سے بڑی ہجرت کی اپنے گھربار کو خیرباد کہا،اپنے پیاروں کو آنکھوں کے سامنے جان دیتے دیکھا،ظلم تشدد،بھوک پیاس اور طرح طرح کی تکلیفوں کا سامناکرتے ہوئے وطن عزیز پہنچے اور پیارے پاکستان کی تعمیروترقی کے لئے شب وروزمحنت کرکے اسلامی جمہوریہ مملکت خدادادپاکستان کو مضبوط ومستحکم کرنے میں جت گئے،شمع رسالت کے ان پروانوں نے وطن کی خدمت کوہی اپناشعاربنائے رکھا، ملک میں بیش تر سماجی خدمت کے ادارے اہلسنّت حنفی بریلوی اکابرین کی کاوشوں کا ثمر ہیں، مگر افسوس ہے کہ پاکستان دشمن قوتیں پاکستان بنانے میں اہم کرداراداکرنے کی پاداش میںعوام اہلسنّت حنفی بریلوی کے خلاف سازشوں کے جال بنتی رہیں جن کے نتیجے میں اہلسنّت حنفی بریلوی کے بنیادی حقوق سلب کرلئے گئے اور عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کو دیوارسے لگادیاگیا۔

انہوں نے کہاکہ عوام اہلسنّت حنفی بریلوی نے ہمیشہ صبروبرداشت کا دامن تھامے رکھا،تحمل ،بردباری اور درگزر سے پاکستان دشمنوں کی تمام سازشوں کامقابلہ کرتے ہوئے انہیں ناکام بنایااور ہر سال یوم آزادیء پاکستان، یوم دفاع پاکستان اور عید میلادالنبی ﷺ شایان شان طریقے سے مناکردین وملت کے دشمنوں کے دانت کھٹے کردیئے ،ماہ رمضان المبارک میں زکٰواة، خیرات کی تقسیم ،ربیع الاول ،گیارہویں شریف اور محرم الحرام میں لنگر ونیاز کی فراوانی نے اسلام دشمن قوتوں کی نیندیں اڑادیں ،عید قرباں کے موقع پر جانوروں کی قربانیوں سے یہودوہنود کے چاروں طبق روشن ہوگئے،دنیاکے کسی بھی حصے میں قدرتی آفات کے موقع پر حضورنبی کریم ﷺ کے غلاموں کے جذبہء خیرسگالی نے پاکستان دشمنوں کے عزائم خاک میں ملادئیے اور وطن عزیز کے لئے بیشمار قربانیاں دیں تاکہ مملکت خدادادخوب پھولے پھلے اور اس کے قیام کا مقصد پوراہوجائے۔

محمدسلیم خاں قادری ترابی نے کہاکہ آج پاکستان پر حکمرانی کرنے والے ارباب اقتدارکی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کے لئے اپناسب کچھ قربان کردینے والوں کی اولادوں کی خبر گیری کریں۔ان کے بنیادی حقوق انہیں فراہم کریں، انہوں نے کہاکہ گورنر سندھ صوبے میں وفاق کے نمائندے ہیںان کی ذمہ داری ہے کہ وہ قائدین واکابرین اہلسنّت حنفی بریلوی کو اعتماد میں لیں ،ان سے مشاورت کریں ان کی تجاویز پر عمل کریں۔

مرکزی میلادالائنس پاکستان گزشتہ پندرہ سالوں سے عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کے بنیادی مسائل کی نشاندہی کررہاہے اور الائنس کے جملہ اراکین فوج رینجرز ،پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول انتظامیہ سے مکمل تعاون کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنے تعاون کے اس سلسلے کو جاری رکھناچاہتے ہیںاور صرف انصاف چاہتے ہیں ،لیکن اگر یہی سلسلہ مزید جاری رہاتو عدالت سے رجوع کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے،قانونی جنگ ہماراقانونی حق ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ گورنر کامران خان ٹیسوری عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کے حقوق کی فراہمی میں کامیاب ہوگئے تو یہ ان کی بڑی کامیابی ہوگی۔