سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر پر حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار

حملہ آور موٹرسائیکل پر آئے جنہوں نے گھر کے اندر دیسی ساختہ ہینڈ گرنیڈ پھینکا۔ رپورٹ کا متن

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 دسمبر 2023 10:24

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر پر حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 دسمبر 2023ء ) سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر پر حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحقیقاتی ٹیموں نے ابتدائی رپورٹ آئی جی پنجاب کو ارسال کردی، جس میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور ثاقب نثار کے گھر موٹرسائیکل پر آئے، حملہ آوروں نے گھر کے اندر دیسی ساختہ ہینڈ گرنیڈ پھینکا، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر پر حملہ 8 بج کر 40 منٹ پر ہوا،پولیس کو حملے سے متعلق اطلاع 9 بجے کی گئی، گرنیڈ حملے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے اور گھر کے پورچ میں کھڑی ثاقب نثار کی ذاتی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔

معلوم ہوا ہے کہ یہ لاہور میں ان کا آبائی گھر ہے، دھماکے کے وقت میاں ثاقب نثار اپنے اہل خلانہ کے ہمراہ گھر میں ہی موجود تھے، سابق چیف جسٹس کے بیٹے کو کچھ عرصے سے دھمکیاں بھی مل رہی تھیں جب کہ ان کے گھر پر تعینات سکیورٹی جس میں رینجرز بھی شامل تھی، اسے بھی ہٹایا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ گھر کے اندر کسی نے کوئی چیز پھینکی تو دھماکے سے گھر میں گاڑی تباہ ہوگئی، باہر کھڑے گارڈ اور ملازمین معمولی زخمی ہوئے، ابھی یہ معلوم نہیں کہ کیا چیز اندر پھینکی گئی، دھماکے کے نتیجے میں گھر کے کسی فرد کو نقصان نہیں پہنچا، اہل خانہ محفوظ رہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے، تفتیش کے بعد ہی معلوم ہو گا کہ کس نے اور کس مقصد کے تحت حملہ کیا، امید ہے جلد ذمہ دار پکڑے جائیں گے۔ واضح رہے کہ لاہور کے علاقے گارڈن ٹاون میں واقعے میاں ثاقب نثار کے آبائی گھر پر 2 نامعلوم موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں کی جانب سے دستی بم پھینکنے کے نتیجے میں سابق چیف جسٹس کے گھر کے گیراج میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں گھر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، گیراج میں گڑھا پڑ گیا اور گیراج میں کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔