صدرڈاکٹرعارف علوی اور نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا ٹیلی فونک رابطہ، بلوچ مظاہرین کے خلاف پولیس کے غیر مناسب سلوک پر تشویش کا اظہار

جمعہ 22 دسمبر 2023 23:24

صدرڈاکٹرعارف علوی اور نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا ٹیلی فونک رابطہ، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2023ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑکے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے بلوچ مظاہرین کے خلاف پولیس کے غیر مناسب سلوک پر تشویش کا اظہار کیا ۔صدر مملکت سے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے بھی ملاقات کی جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، بلوچ مظاہرین پر پولیس کے تشدد پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑکے مابین ہونے والے ٹیلفونک رابطے میں دونوں راہنمائوں کا کہنا تھا کہ پولیس کو مظاہرین کے خلاف سختی سے پیش نہیں آنا چاہیے تھا ۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ گرفتار مظاہرین کو ذاتی مچلکوں پر رہا کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

بعدا زاں صدر مملکت سے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے بھی ملاقات کی ۔

جس میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ پولیس کو مظاہرین کے ساتھ تحمل اور ہمدردی سے پیش آنا چاہیے ، ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پولیس کو حدود اور اختیارات سے تجاوز نہیں کرنا چاہئے تھا۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ پولیس احتجاج کرنے والوں کو فوری رہا کرے۔دونوں رہنماؤں کا بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے پر زور دیا ۔