جیکب آباد، پیپلز پارٹی میں ٹکٹوں پر اختلافات، سابق ایم پی اے نے پارٹی کے فیصلے کے خلاف نامزدگی فارم جمع کرادئیے

جمعہ 22 دسمبر 2023 20:05

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2023ء) جیکب آباد، پیپلز پارٹی میں ٹکٹوں کے معاملے پر اختلافات سامنے آگئے۔ سابق ایم پی اے نے پارٹی کے فیصلے کے خلاف نامزدگی فارم جمع کرادئیے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر پیپلز پارٹی میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں جیکب آباد کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 3 گڑہی خیرو سے 2 بار کامیاب ہونے والے پیپلز پارٹی کے امیدوار ممتاز جکھرانی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 190 جیکب آباد اور پی ایس 3 گڑہی خیرو پر پارٹی فیصلے کے خلاف اپنے نامزدگی فارم جمع کرادئیے ہیں۔

نامزدگی فارم جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ایم پی اے ممتاز جکھرانی نے کہا کہ میں گڑہی خیرو کی نشست پر دو بار کامیاب ہوا ہے مجھے چھوڑ کر ایک ایسے امیدوار کو ٹکٹ دینے کی باتیں کی جارہی ہے جس نے 2018 میں بدترین شکست کھائی تھی اگر پارٹی نے اس کو ٹکٹ دیا تو میں بھی اپنے ساتھیوں کے مشورے سے الیکشن میں مقابلہ کرونگا، انہوں نے کہا کہ میرا مخالف بلدیاتی الیکشن میں اپنے گھر کی یونین کونسل ہی ہار گیا تھا اب وہ خود کو نیلسن منڈیلا سمجھ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی میں ہوں لیکن الیکشن لڑنے کا فیصلہ اپنے ساتھیوں کے کرونگا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پیپلز پارٹی کی جانب سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 1 جیکب آباد کے امیدوار حاجی شیر محمد مغیری نے سابق وزیر اعجاز حسین جکھرانی کے ہمراہ جلوس کی صورت میں اپنا نامزدگی فارم جمع کرالیا ہے۔ علاوہ ازیں صوبائی حلقہ پی ایس 2ٹھل پر پیپلز پارٹی کے ڈاکٹر سہراب سرکی اور جے یو آئی کے امیدوار میر شفیق خان کھوسہ نے بھی اپنے نامزدگی فارم کرالیے ہیں۔

جیکب آباد کے صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں پی ایس 1 جیکب آباد اور پی ایس 3 گڑہی خیرو پر ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر پیپلز پارٹی میں اختلافات ہیں،صوبائی حلقہ پی ایس 1 پر تحریک انصاف کو چھوڑ کر ٹکٹ کے وعدے پر پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے سابق ایم پی اے محمد اسلم ابڑو، چند روز قبل پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے سردار عبدالرزاق کھوسو، سابق ایم پی اے اورنگزیب پہنور اور ضلعی صدر لیاقت لاشاری نے بھی نامزدگی فارم وصول کرلیے ہیں جبکہ صوبائی حلقہ پی ایس 3 گڑہی خیرو پر اورنگزیب پہنور اور ممتاز جکھرانی کے درمیان کشیدگی جاری ہے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر پیپلز پارٹی میں جاری اختلافات کی وجہ سے الیکشن میں پیپلز پارٹی کو شدید نقصان کا خطرہ ہے اگر اختلافات جاری رہے تو ضلع میں پیپلز پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔