’حقیقی زندگی کا پری زاد‘ ارب پتی شخص نے آدھی دولت اپنے مالی کے نام کردی

باغبان کو 6 بلین یورو ( 18 کھرب 44 ارب 87 کروڑ 39 لاکھ 28 ہزار پاکستانی روپے) کی جائیداد ملے گی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 دسمبر 2023 12:18

’حقیقی زندگی کا پری زاد‘ ارب پتی شخص نے آدھی دولت اپنے مالی کے نام ..
لندن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 دسمبر 2023ء ) دنیا کے معروف پرتعیش ہینڈ بیگ بنانے والی کمپنی ہرمیس (Hermes) کے شیئر ہولڈر ارب پتی بزنس مین نکولس پیوچ نے آدھی دولت اپنے مالی کے نام کردی۔ عالمی میڈیا کے مطابق نکولس پیوچ ان دنوں خیراتی ادارے کے ساتھ قانونی جنگ میں مصروف ہیں جو اس وقت شروع ہوئی جب ادارے کو پتا چلا کہ نکولس پیوچ نے اس خیراتی ادارے کی فنڈنگ میں کمی کرنے اور اس کی بجائے اپنے 51 سالہ مالی کو اپنی اربوں کی دولت دینے کی وصیت کی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ 80 سالہ نکولس پیوچ، جن کی کوئی اولاد نہیں ہے، ان کا تعلق تھیری ہرمیس کی پانچویں نسل سے ہے جنہوں نے 1837ء میں ہینڈ بیگ بنانے والے ادارے ہرمیس کی بنیاد رکھی، نکولس پیوچ نے باضابطہ طور پر اپنے باغبان کو اپنی دولت کا نصف دینے کا قانونی عمل شروع کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں مالی کو 6 بلین یورو ( 18 کھرب 44 ارب 87 کروڑ 39 لاکھ 28 ہزار پاکستانی روپے) کی جائیداد ملے گی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ یورپ کے سب سے امیر خاندان سے تعلق رکھنے والے نکولس پیوچ مالی کے نام اپنی وصیت پر عمل درآمد کے لیے ایک ایسا قانونی عمل شروع کیے ہوئے ہیں جو ان کی اپنی قائم کردہ اسوکریٹس فاؤنڈیشن کی بجائے باغبان کو ان کا قانونی وارث بنائے، تاہم چیریٹی فاؤنڈیشن کی جانب سے نکولس پیوچ کے اس عمل کی مخالفت کی گئی ہے اور ادارے نے باضابطہ طور پر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ اسوکریٹس فاؤنڈیشن کا بورڈ 6 افراد پر مشتمل ہے جس میں پیوچ بطور صدر شامل ہیں، خیراتی ادارے کا کہنا ہے کہ ہمیں حال ہی میں اس معاملے کا علم ہوا، ہم ابھی اس اقدام پر فیصلہ کرنے یا اس پر تبصرہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، قانونی نقطہ نظر سے وراثت کے معاہدے کی یکطرفہ منسوخی بے بنیاد معلوم ہوتی ہے، لہٰذا فاؤنڈیشن نے بات چیت کے لیے دروازہ کھلا چھوڑتے ہوئے وراثت کے معاہدے کو منسوخ کرنے کے اپنے بانی کے فیصلے کی مخالفت کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :