نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے یوم قائداعظم کی مناسبت سے کیک کاٹا

پیر 25 دسمبر 2023 00:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2023ء) نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں نگراں صوبائی وزرا احمد شاہ، جنید شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ساتھ مل کر قائداعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کی مناسبت سے تقریب میں شرکت اور کیک کاٹا۔ اتوار اور پیر درمیانی شب منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج ہم سب کے لیے یہ خوشی کا موقع ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 148 واں‌ یومِ پیدائش منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں چاہے وہ کسی مذہب سے ہوں اپنے محسنوں کوہ میشہ یاد رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر آج یہاں قائدا عظم کی بے لوث، انتھک اور شب و روز محنت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ قائد اعظم کی بدولت ہم آج ایک آزاد مملکت میں سانس لے رہے ہیں۔ مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ آج پیغمبرِ خدا حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا یومِ ولادت ہے، عیسائی برادری سمیت تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے تکریم کا اور مقدس دن ہے، میں سندھ اور پاکستان بھر کے لوگوں کو کرسمس ڈے کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، کرسچئن کمیونٹی کو یہ کہوں گا کہ ہم سب آپ کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں نے یہ اقلیتی امور کی وزارت ایک ایسے شخص کے سپرد کی ہے جس کی زندگی بلاتفریق مذہب اور رنگ و نسل حقوقِ انسانی کے لیے جہدِ مسلسل سے عبارت ہے، ہمیں فخر ہے کہ سندھ کے ساحل سے سیاچن کے دامن تک پھیلی ہوئی دھرتی میں رنگا رنگ تہذیب و ثقافت کے جلوے دیکھنے کو ملتے ہیں،اگرچہ ہم بری معاشی و سماجی صورتحال سے دوچار ہیں مگر اس کے مجموعی ذمہ دار ہم خود ہیں، ہمیں اس سے نکلنے کے لیے نئی منزلوں کا تعین کرنا ہو گا، ایسی راہوں کا انتخاب کرنا ہو گا جو معاشی، سماجی اور اخلاقی ترقی کی جانب جاتا ہو۔

انہوں نے کہا کہ اس کا حل بانی پاکستان نے بہت پہلے بتا دیا تھا جس پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے، قائد اعظم نے 13 نومبر 1939 کو عید کے موقع پر نصیحت کی تھی کہ ’میں آپ کو مصروف عمل ہونے کی تاکید کرتا ہوں، کام کام اور بس کام، سکون کی خاطر، صبر و برداشت اور انکساری کے ساتھ اپنی قوم کی سچی خدمت کرتے جائیں۔ مقبول باقر نے کہا کہ نوجوان قوم کی بنیاد ہوتے ہیں، جس کے بغیر کوئی عمارت کھڑی نہیں ہوسکتی۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آرٹس کونسل نے نوجوانوں کی تہذیبی و ثقافتی نشونما کو اپنی ترجیحات میں رکھا ہے،آرٹس کونسل نے فن و ادب کو نئی نسل میں منتقل کرنے کا جو بیڑااٹھا رکھا ہے وہ قابلِ تحسین اور مستقبل کے درپیش چینلجز کے لیے حوصلہ افزا ہے، فنکاراور علم و ادب سے جُڑے لوگ قوموں کا ورثہ تخلیق کرتے ہیں۔ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ دنیا میں وہی قومیں زندہ کہلاتی ہیں جو تہذیب یافتہ ہوں،آج وطن عزیز کو از سرِ نو تعمیر و ترقی کی شدید ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل جیسے مثالی اداروں سے وابستہ افراد اور نوجوان ہمارے مستقبل کی امید ہیں،مجھے قوی یقین ہے کہ نوجوان ملک و قوم کے لیے کچھ نہ کچھ ایسا ضرور کریں گے۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم بھی صفِ اول کی تہذیب یافتہ قوموں میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لیں گے۔