کاشتکار بہاریہ سورج مکھی کی زیادہ پیداوار کیلئے منظور شدہ ہائبرڈ اقسام کاشت کریں،محکمہ زراعت

منگل 26 دسمبر 2023 18:11

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2023ء) محکمہ زراعت سیالکوٹ کے ترجمان نے کہا ہے کہ کاشتکار بہاریہ سورج مکھی کی زیادہ پیداوار کیلئے منظور شدہ ہائبرڈ اقسام کاشت کریں۔ پاکستان ہر سال300 ارب روپے کا خوردنی تیل درآمد کرتا ہے جو کہ ملکی معیشت پر ایک بوجھ ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ سورج مکھی کے بیج میں تیل کی مقدار 40 تا45 فیصد موجود ہوتی ہے اور اس میں صحتمند مفید وٹامن اے، بی،ای اور کے پائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سورج مکھی کا شت کے لئے پنجاب کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔پہلے مرحلہ میں جنوبی پنجاب ڈیرہ غازی خان،راجن پور،بہاولپور،رحیم یارخان،ملتان،وہاڑی،بہاولنگر،مظفرگڑھ،لیہ،لودھراں،بھکر اور خانیوال کے اضلاع کے کاشتکار میں سورج مکھی کی کاشت یکم دسمبر تا 31جنوری جب کہ دوسرے مرحلے میں وسطی پنجاب کے اضلاع جن میں میانوالی،سرگودھا،خوشاب،جھنگ،ساہیوال،اوکاڑہ،پاکپتن،فیصل آباد،ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ،سیالکوٹ،گوجرانوالا،لاہور،منڈی بہاؤالدین،حافظ آباد،قصور،شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں سورج مکھی کی کاشت کا وقت یکم تا 31جنوری تک مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سورج مکھی کی کاشت کے تیسرے مرحلے میں شمالی پنجاب کے اضلاع ناروال، اٹک، روالپنڈی، گجرات،جہلم اور چکوال میں سورج مکھی کی کاشت کا وقتیکم جنوری تا15 فروری تک مقرر کیا گیا ہے۔ کاشتکار سورج مکھی کی کاشت کے لئے اچھے اگاؤ والے صاف ستھرے دوغلی(ہائبرڈ) اقسام کے بیج کی فی ایکڑ مقدار 2 کلوگرام رکھیں جبکہ بیج کے اُگاؤ کی شرح90 فیصد ہونی چاہیے اور پودوں کی تعداد22 سے23 ہزار فی ایکڑ ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار محکمہ زراعت پنجاب کی سفارش کردہ سورج مکھی کی ہائبرڈ اقسام میں ہائی سن- 33،ٹی- 40318،ایگورا4، ایس 278-، یو ایس 444-، یو ایس 666-،این کے آر منی،آگسن5270،آگسن5264،ایچ ایس ایف350-اے،سن7-،اوریسن648-،اوریسن516،اوریسن675-،اوریسن701-، پارسن 3 اور رائیناشامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سورج مکھی کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے موزوں وقت پر کاشت انتہائی ضروری ہے کیونکہ تاخیر سے کاشت کی صورت میں نہ صرف سورج مکھی کی فی ایکڑ پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے بلکہ تیل کی مقدار میں بھی کمی ہوتی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ سورج مکھی کی بہاریہ کاشت زیادہ پیداوار دیتی ہے۔اس لئے کاشتکاربہاریہ کاشت کو ترجیح دیں۔سورج مکھی کی کاشت ترجیحاً وٹوں پر کاشت کریں۔رجر کی مدد سے اڑھائی فٹ کے باہمی فاصلے پر شرقاً غرباً وٹین بنائیں۔کھیلیوں میں پہلے پانی لگائیں اور جہاں تک وتر پہنچے اس سے تھوڑا اوپر خشک مٹی میں جنوب کی طرف 9 انچ کے فاصلے پر ایک ایک بیج لگائیں۔