محنت کش لوگوں میں سے پاکستان کی بڑی خوشبو آتی ہے، یہ لوگ پاکستان کی معیشت کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں،محمد عبداللہ حمید گل

بدھ 27 دسمبر 2023 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2023ء) چیئرمین تحریک جوانان پاکستان و کشمیرمحمد عبداللہ حمید گل نے کہا ہے کہ محنت کش لوگوں میں سے پاکستان کی بڑی خوشبو آتی ہے اور یہ لوگ دن بھر محنت کرکے نہ صرف اپنے گھروالوں کی کفالت کرتے ہیں بلکہ پاکستان کی معیشت کی بہتری میں بھی اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو تحریک جوانان پاکستان و کشمیرصوبہ سندھ(کراچی) کے زیراہتمام بعنوان ''شہدائے پاکستان'' ریلی اور جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ریلی کی قیادت چیئرمین تحریک جوانان پاکستان و کشمیرمحمد عبداللہ حمید گل نے کی۔ریلی کا آغاز عبداللہ ہارون روڈ سے ہوا جو بعدازاں شاہراہ فیصل،گوراقبرستان، قیوم آباد،کورنگی کراسنگ سے ہوتی ہوئی ابراہیم حیدری پر اختتام پذیر ہوئی جہاں عظم الشان جلسہ کا انعقاد کیاگیا۔

(جاری ہے)

ریلی وجلسہ کااہمتام کرنے والے تحریک جوانان پاکستان و کشمیر صوبہ سندھ کے نائب صدرمحبوب آرائیں نے اپنی پارٹی کے چیئرمین محمد عبداللہ حمید گل کو ویلکم کیا۔

ریلی میں کثیر تعداد میں عمائدین شہر، تحریک جوانان پاکستان و کشمیرکے عہدیداروں و کارکنان نے شرکت کی۔اس موقع پر انہیں سندھی اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔ ریلی و جلسہ میں موجود کثیرتعداد میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبداللہ حمید گل نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں دنیا کی سخت ترین سردی پڑتی ہے، پہاڑ ہیں توبلندترین ہیں، صحرا ہیں تو وسیع تر ہیں، سمندر ہیں تو گہرے اور نیل گوں ہیں، ہمارا ملک بہت خوبصورت اور نعمتوں سے مالامال ملک ہے۔

ریلی کے دیگر شرکاء نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے تحریک جوانان پاکستان و کشمیر کا پرچم اپنے ہاتھ میں تھامنے پر بزگوں اور بچوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک جوانان پاکستان و کشمیریا کوئی بھی سیاسی پارٹی جو ملک اور قومی کی خدمت کرنا جانتی ہے یا ملک کی خدمت کا بیڑا اٹھاتی ہے، اس کے اندر عوام کا بہت بڑا ہاتھ ہوتا ہے،۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کا حق ہے کہ اسے صحیح طریقے سے اور بہتر لوگوں کے لئے استعمال کیا جائے۔