ہرقسم کے مافیا کی قوم کے ساتھ مل کر سرکوبی کریں گے

سوشل میڈیا پر ہیجان، مایوسی اور افراتفری کا ماحول پیدا کرکے جھوٹی خبروں کے ذریعے تاثر دیا جا رہا کہ ریاست اپنا وجود کھوتی جارہی ہے، گرین پاکستان انیشیٹیو کا مقصد سب سے پہلے زراعت پر کام کرنا ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 29 دسمبر 2023 20:05

ہرقسم کے مافیا کی قوم کے ساتھ مل کر سرکوبی کریں گے
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 دسمبر 2023ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہر قسم کے مافیا کی قوم کے ساتھ مل کر سرکوبی کریں گے، سوشل میڈیا پر ہیجان، مایوسی اور افراتفری کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے، جھوٹی خبروں کے ذریعے تاثر دیا جا رہا ہے کہ جیسے ریاست اپنا وجود کھوتی جارہی ہے، گرین پاکستان انیشیٹیو کا مقصد سب سے پہلے زراعت پر کام کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف سید جنرل عاصم منیر نے نیشنل فارمرز کنونشن سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت اور مویشی بانی تقریباً ہر نبی کا پیشہ رہا ہے، کیونکہ اس پیشے میں ڈسپلن، تکلیف، نمو، اور صبر شامل ہیں۔ جن کے نتیجے میں بے تحاشہ انعامات ملتے ہیں۔ پاکستان کے بارے میں افواہیں اور منفی باتیں بتائی جا رہی ہیں، لیکن آپ کو پتہ ہونا چاہئے کہ کلمہ کے نام پر دو ہی ریاستیں قائم ہوئیں، ریاست طیبہ اور ریاست پاکستان یہ محض اتفاق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے، پاکستان کے پاس، گلیشیر، دریا، پہاڑ، اور زرخیز زمین ہے جس سے دنیا کا بہترین چاول، کینو اور آم جیسے پھل، گرینائٹ، سونا اور تانبا جیسے معدنیات کے خزانے موجود ہیں۔ آرمی چیف سید جنرل عاصم منیر نے کہا کہ 60ء کی دہائی میں پاکستان ایشیا کا تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا، لیکن ہم نے قائداعظم کے تین زریں اصولوں ایمان، اتحاد، تنظیم کو بھلا دیا، جس کی وجہ سے تنزلی کا شکار ہوئے۔

گرین پاکستان انیشیٹیو کا مقصد یہی ہے کہ ہمیں سب سے پہلے زراعت پر کام کرنا ہے، گرین پاکستان انیشیٹیو کی آمدن کا بڑا حصہ صوبوں کو جائے گا، جبکہ باقی حصہ کسانوں اور زرعی ریسرچ کے لئے رکھا جائے گا، فوج کا اس میں رول صرف عوام اور کسانوں کی خدمت ہے۔ تمام اضلاع میں زرعی مالز Agriculture Malls کا انعقاد کیا جائےگا جہاں کسانوں کو ہر طرح کی زرعی سہولیات میسر ہوں گی، آسان زرعی قرضوں، کولڈ سٹوریج کی چین، موسمیاتی تبدیلی کے تاثرات سے محفوظ بیج اور جینیٹیکلی انجنئیرڈ لائیو سٹاک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

آرمی چیف سید جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہرقسم کے مافیا کی قوم کے ساتھ مل کر سرکوبی کریں گے، سوشل میڈیا پر ہیجان، مایوسی اور افراتفری کا ماحول پیدا کرکے جھوٹی خبروں کے ذریعے تاثر دیا جا رہا کہ ریاست اپنا وجود کھوتی جارہی ہے۔ آرمی چیف سید جنرل عاصم منیر کے نیشنل فارمرز کنونشن سے خطاب کے دوران کسان نعرہ تکبیر، پاک فوج زندہ باد اور پاکستان زند باد کے نعرے بلند کرتے رہے۔