چین کی سرمایہ کاری بڑھنے سے پاکستان اور چین کے درمیان کاروباری تعاون مزید مضبوط ہو گا، قائمقام صدر آئی سی سی آئی انجینئراظہرالاسلام ظفر

جمعہ 5 جنوری 2024 17:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2024ء) چانگ جیانگ انڈسٹریل کمپنی لمیٹڈ کے چیئرمین اور چونگ کنگ فیڈریشن آف انڈسٹری اینڈ کامرس کے ڈائریکٹر ژانگ یانگ کی قیادت میں چین کے ایک تجارتی وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان میں مشترکہ منصوبے اور سرمایہ کاری کے امکانات کے بارے میں چیمبر کے عہدیداران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔

چین کی لی ٹنگ انٹرنیشنل کمپنی اور چین کی یہائی کلچر کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ کے نمائندگان بھی وفد میں شامل تھے۔ جمعہ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے چین کے تجارتی وفد کو پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے ایک پرکشش سرمایہ کاری پالیسی تشکیل دی ہوئی ہے جس کے تحت ان کو پرکشش مراعات دی جاتی ہیں، لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین کی کمپنیاں ان مراعات سے فائدہ اٹھانے کیلئے ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے پاکستان میں انڈسٹریل یونٹس لگائیں ۔انہوں نے چین کی کمپنیوں کو ان شعبوں کے بارے میں جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے اہمیت کے حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری بڑھنے سے پاکستان اور چین کے درمیان کاروباری تعاون مزید مضبوط ہو گا اور باہمی تجارت میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے چین کے تجارتی وفد کو یقین دلایا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس انہیں صحیح شراکت داروں سے ملانے کیلئے ہرممکن تعاون کرے گا۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چانگ جیانگ انڈسٹریل کمپنی لمیٹڈ کے چیئرمین اور چونگ کنگ فیڈریشن آف انڈسٹری اینڈ کامرس کے ڈائریکٹر ژانگ یانگ نے کہا کہ ان کا وفد کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے پاکستان میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفد کے ارکان نے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے ایک امید افزاء ملک پایا ہے اور وہ اس کی اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں۔ دونوں اطراف نے پاکستان اور چین کے نجی شعبوں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔چودھری جاوید اقبال، چوہدری محمد علی، محمد شبیر، ڈاکٹر محمد عثمان، فصیح اللہ خان، ہمایوں کبیر اور دیگر نے بھی پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ کاروبار تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے مفید تجاویز دیں۔