لاپتا افراد سے متعلق حکومتی کمیٹی غیرفعال ، تشکیل نوکا فیصلہ

ہفتہ 6 جنوری 2024 15:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2024ء) نگران وزیر داخلہ کی وفاقی کابینہ سے رخصتی کے بعد جبری لاپتا افراد سے متعلق حکومتی کمیٹی غیرفعال ہوگئی، نگران حکومت نے جبری گمشدگیوں سے متعلق کمیٹی کی تشکیل نو کا فیصلہ کرلیا۔نجی ٹی وی کے مطابق حکومتی ذرائع نے کو بتایا کہ نگران حکومت نے جبری طور پر لاپتا کیے گئے افراد کی بازیابی اورکیسز کا جائزہ لینے کے لیے قائم کی گئی کمیٹی کی تشکیلِ نو کا فیصلہ کیا ہے۔

کمیٹی کی سربراہی وزیرِ دفاع کو سپرد کرنے کی تجویز ہے، اِس سے قبل نگران وزیر داخلہ کمیٹی کے سربراہ تھے جبکہ وزیر دفاع کو کمیٹی میں بطور رکن شامل کیا گیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی میں نگران وزیر قانون و موسمیاتی تبدیلی بطور رکن شامل ہوں گے، کمیٹی کی تشکیلِ نو کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائیگی جس کے بعد کمیٹی فعال ہوجائے گی، حکومتی کمیٹی جبری گمشدگیوں کے کیسز کا جائزہ لیگی۔

(جاری ہے)

اِس سے قبل نگران وزیر داخلہ جبری لاپتا افراد سے متعلق کمیٹی کے سربراہ تھے تاہم ان کے مستعفی ہونے کے بعد کمیٹی عملی طور پر غیر فعال ہوگئی۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں لاپتا افراد اور جبری گمشدگیوں کے خلاف کیس کے لیے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اورجسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل 3 رکنی بینچ قائم ہے۔سپریم کورٹ نے لاپتا افراد سے متعلق کیس کی سماعت 9 جنوری تک ملتوی کر رکھی ہے، سینیئر وکیل اعتزاز احسن اور دیگر درخواست گزاروں نے سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی تھیں۔