کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن نے سالانہ کلینڈر کا اعلان کردیا

پیر 8 جنوری 2024 19:51

کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن نے سالانہ کلینڈر کا اعلان کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2024ء) کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن (کے بی بی اے) نے سالانہ کلینڈر کا اعلان کردیا۔ پیر کو جاری تفصیلات کے مطابق کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن نے ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حکومت سندھ محمد اقبال میمن کی اجازت سے ایسوسی ایشن کی سالانہ سرگرمیوں سے متعلق سال 2024 کے کلینڈر کا اعلان کردیا ہے۔

کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان نے سال 2024 کے کلینڈر کا اعلان کرتے ہوئے سیکریٹری کے بی بی اے طارق حسین کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن اور سندھ اسپورٹس بورڈ کو اس کلینڈر کی اطلاع تحریری طور پر کریں۔ کے بی بی اے کی سرگرمیوں کا آغاز 14 جنوری کو ایک روزہ ٹورنامنٹ سے ہوگا جس میں چار ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ 23 تا 31 جنوری ساتواں کمشنر کراچی کپ، 5 فروری یوم کشمیر کپ، 10 تا 16 فروری محمد عمر میمن ٹورنامنٹ، 18 تا 24 فروری شہدائے پولیس کپ، یکم تا 7 مارچ یوم پاکستان کپ، 14 تا 19 اپریل گیٹوریڈ ٹرافی، یکم تا 8 مئی ڈپٹی کمشنر سائوتھ کپ،یکم تا 7 جون 9 واں عیسیٰ لیب ٹرافی، یکم تا 15 جولائی سمر کوچنگ کیمپ، 7 تا 14 اگست یوم آزادی کپ، یکم تا 6 ستمبر یوم دفاع کپ، یکم تا 7 اکتوبر 5 واں انویریکس ٹرافی جبکہ نومبر اور دسمبر میں قومی وومین اور انڈر 18 قومی چیمپین شپ اور انٹر ڈویژن سندھ باسکٹ بال ٹورنامنٹ منعقد کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اسی طرح 17 فروری کو قائد باسکٹ بال انٹرنیشنل عبدالناصر کی تیسری برسی پر عظیم الشان ایوارڈ تقریب شمسی اکیڈمی کے تعاون سے منعقد کی جائے گی۔ ایسوسی ایشن نے اپنے اجلاس میں پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن اور سندھ اسپورٹس بورڈ کی کارکردگی پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اور اعلان کیا کہ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکریٹری خالد بشیر، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے احمد علی راجپوت اور محکمہ کھیل سندھ کے سیکریٹری حافظ عبدالہادی بلو کو17 فروری کو حسن کارکردگی ایوارڈ دئیے جائیں گے۔