Y برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا دورہ میرپور

s پورے پاکستان میں ہم مل کر بہت کچھ کر سکتے ہیں،جین میریٹ

بدھ 10 جنوری 2024 20:30

۱میر پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جنوری2024ء) برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے دورہ میرپور کیا۔ترجمان برطانوی ہائی کمشنر کے مطابق پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے میرپور میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کا دورہ کیا۔ جین میریٹ کے ہمراہ فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس میں پاکستان ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ رچرڈ لنڈسے بھی تھے۔

میرپور میں دوہری شہریت والے شہریوں کی بڑی تعداد ہے۔میرپور یوکے پاکستانی ڈاسپورا یوکے اور پاکستان کے تعلقات کا مرکز ہے۔ ایک اندازے کے مطابق 70 فیصد برطانوی پاکستانیوں کا تعلق میرپور سے ہے۔ہائی کمشنر کو مطلع کیا گیا کہ کس طرح بین الثقافتی اثرات نے میرپور کو آج اس شہر کی شکل دی ہے۔ہائی کمشنر اور پاکستان ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ نے اپنے دورے کے دوران مختلف سرکاری حکام سے ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

ان میں میرپور ریجن کے کمشنر اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس میرپور شامل تھے۔ہائی کمشنر نے مقامی حکام کی مسلسل حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔جین میریٹ نے اس اہمیت پر بھی زور دیا جو وہ علاقے میں مقیم برطانوی کمیونٹی کے لیے قونصلر سپورٹ پر دیتی ہے۔برطانوی ہائی کمشنر نے میرپور چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا۔ جین میریٹ نے تاجر برادری سے بھی گفتگو کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دورے نے میرے خیال کی تصدیق کی ہے کہ پورے پاکستان میں ہم مل کر بہت کچھ کر سکتے ہیں۔چاہے وہ تجارت کو آزاد کرنا ہو، سرمایہ کاری کے مواقع کھولنا ہو،نئی ٹیکنالوجیز لانا ہو، یا پاکستان کو پائیدار ترقی اور صاف توانائی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد کرنا ہو۔ہم بہت کچھ ہم کر سکتے ہیں۔ہمارے دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مزید قریب آنے اور اپنے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے سخت محنت جاری رکھے ہیں۔ترجمان برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ہائی کمشنر کو مسلم ہینڈز فٹبال اکیڈمی کا دورہ کرکے خوشی ہوئی۔ انہوں نے قطر میں اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈ کپ میں رنرز اپ رہنے والی اسٹریٹ چلڈرن ٹیم سے بھی ملاقات کی۔۔