علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا سمسٹر بہار2024کے داخلوں کا شیڈول جاری

جمعرات 11 جنوری 2024 13:53

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2024ء) پاکستان کی سب سے بڑی فاصلاتی نظام تعلیم پرمبنی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار2024کے داخلوں کا شیڈول جاری کردیاہے جس کے تحت پہلے مرحلہ کے داخلے ملک کے چاروں صوبوں،آزاد کشمیراورگلگت بلتستان میں ایک ساتھ 15جنوری 2024 سے شروع ہونگے جبکہ مذکورہ مرحلے میں پیش کئے جانے والے پروگرامز میں میٹرک(جنرل)، میٹرک درس نظامی(ثانویہ عامہ)، ایف اے(جنرل)، آئی کام، ایف اے درس نظامی(ثانویہ خاصہ)، سرٹیفکیٹ کورسز، بی ایس(فیس ٹو فیس)، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز شامل ہونگے۔

ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد صمیم نے اے پی پی کو بتایا کہ تمام پروگراموں کے داخلہ فارمز اور پراسپیکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر15جنوری سے آن لائن دستیاب ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وائس چانسلرعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرناصر محمود کی جانب سے ملک بھر میں قائم تمام کیمپسز کے ریجنل سربراہان کو طلبہ کی رہنمائی اور معاونت کی فراہمی کیلئے فسیلی ٹیشن سینٹرزوہیلپ ڈیسکس متحرک کرانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریجنل سربراہان و ڈائریکٹرز ریجنل سروسز کی جانب سے انٹرنیٹ کی سہولتوں سے محروم طلبہ کو آن لائن اپلائی کرنے کیلئے انٹرنیٹ اور کمپیوٹرز کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھرمیں مقیم پاکستانی وبین الاقوامی طلبہ بھی میٹرک، ایف اے اور آئی کام ڈگری پروگراموں میں داخلہ حاصل کرکے تعلیمی استعداد کار میں اضافہ کرسکیں گے نیزبیرون ممالک میں یونیورسٹی داخلے آن لائن سسٹم کے تحت کئے جائیں گے جن کیلئے داخلوں سے لیکر امتحانات تک تمام سرگرمیاں آن لائن ہونگی۔

انہوں نے واضح کیا کہ یونیورسٹی کی داخلہ پالیسی کے مطابق بی ایس،ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلہ حاصل کرنے کیلئے آن لائن اپلائی کرنا لازمی ہے جبکہ میٹرک اور ایف اے پروگراموں میں داخلہ فارم مینوئل اور آن لائن دونوں طریقوں سے جمع کرایا جاسکتاہے۔