ای روزگار سینٹرز کے قیام سے فری لانسرزکو براہ راست فائدہ اور روزگار کی فراہمی کی راہ ہموارہوگی، احسن ظفربختاوری

جمعرات 11 جنوری 2024 16:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2024ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری نےکہا ہے کہ ای روزگار سینٹرز کے قیام سے فری لانسرزکو براہ راست فائدہ اور روزگار کی فراہمی کی راہ ہموار ہو گی،آئی ٹی کے شعبے میں انٹرپرینیور شپس کے فروغ کیلئے حکومت نوجوانوں کو قرضے فراہم کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فری لانسرز کیلئے ای روزگار سینٹرز کے قیام کے فیصلے پر جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کا فری لانسرزکی سہولت کیلئے10ہزار ای روزگار سینٹرز کے قیام کا فیصلہ خوش آئند ہے،پاکستان میں 15لاکھ سے زائد فری لانسرز کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور ای کامرس پر توجہ دے کر سالانہ اربوں ڈالرز کا زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے،پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت ہے ،حکومت کو اس شعبے پر خصوصی توجہ دینی چاہئے،نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں مہارت دلانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے معاشی بہتری کے حوالے سے جاری اقدامات قابل ستائش ہیں۔