راجہ ریاض احمد الیکشن سے دستبردار،بیٹاراجہ دانیال این اے 104 فیصل آباد سے مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر امیدوار ہوگا

ہفتہ 13 جنوری 2024 17:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2024ء) مسلم لیگ(ن) کے رہنما و سابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد8 فروری کو منعقد ہونیوالے الیکشن سے دستبردارہوگئے ہیں جبکہ اب ان کی جگہ ان کابیٹاراجہ دانیال این اے 104 فیصل آباد سے مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پرقومی اسمبلی کا امیدوار ہوگا۔ہفتہ کو میڈیا سے بات چیت کے دوران راجہ ریاض احمد نے کہا کہ وہ طبیعت ناساز ہونے کے باعث الیکشن میں حصہ نہیں لے رہے لیکن ان کی جگہ ان کا بیٹا راجہ دانیال8 فروری کے انتخابات میں این اے 104فیصل آبادسے مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی درخواست پر مسلم لیگ(ن) کے قائدین نے ان کی جگہ ان کے بیٹے راجہ دانیال کو مسلم لیگ(ن) کا ٹکٹ جاری کردیا ہے جو اب شیر کے نشان پر الیکشن میں حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

راجہ ریاض احمد نے کہا کہ وہ پارٹی قیادت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ان پر اور اب ان کے کہنے پر ان کے بیٹے پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پارٹی ٹکٹ جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن جمہوری عمل کا حصہ اور ووٹ آپ کے پاس قوم کی امانت ہوتا ہے جسے اپنے ضمیر کی آواز کے مطابق استعمال کرنا ہر شخص کا بنیادی جمہوری حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت ہرسیاسی جماعت الیکشن لڑ سکتی ہے اسلئے وہ سب کو ویلکم کرتے ہیں لیکن فیصلہ بہرحال عوام نے ہی کرنا ہے۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 104 فیصل آباد راجہ دانیال نے کہا کہ وہ پارٹی لیڈر شپ کے مشکور ہیں جنہوں نے انہیں الیکشن میں حصہ لینے کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوامی مینڈیٹ لیکر پہلے سے بھی زیادہ بہتر انداز میں دن رات حلقہ کے عوام کی بے لوث خدمت کریں گے اور ان کے مسائل کے حل سمیت انہیں تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا ئے گا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ان کے والد راجہ ریاض نے حلقے کے مسائل حل کئے اسی طرح وہ بھی عوام کو مایوس نہیں کریں گے اور ان کے دروازے حلقہ کے عوام کیلئے ہر وقت کھلے رہیں گے۔ راجہ دانیال نے امید ظاہر کی کہ 8 فروری کو عوام جوق در جوق گھر سے نکل کر پولنگ سٹیشنوں پر پہنچیں گے اور شیر کے انتخابی نشان پر ٹھپے لگاکر مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بنائیں گے تاکہ ملک کو دوبارہ برق رفتار تعمیر و ترقی اور فلاح و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کیا جاسکے۔