سلمان علی بابا ، سردار محی الدین کھوسہ، طارق محمود کے کاغذات نامزدگی منظور، سہیل احمد خان ، میاں خرم رسول ، بلاول ایوب ، فیضان خالد بٹ کے کاغذات نامزدگی مسترد

ہفتہ 13 جنوری 2024 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2024ء) لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی بنچ نے ہفتہ کے روز بھی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے دائر اپیلوں پر سماعت جاری رکھی ،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے دائر درخواستوں پر سماعت کی، دوران سماعت تین رکنی بنچ نے این اے 159 سے سلمان علی بابا کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی منظور کر لیئے، سلمان علی بابا پر ٹیکس ریٹرن کے حوالے سے اعتراض عائد کیا گیا تھا ،دوران سماعت ریٹرننگ آفیسر نے بتایا کہ ٹیکس ادائیگی کر دی گئی ہے جس پر عدالت نے کیس نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیئے، اسی طرح تین رکنی بنچ نے این اے 56 سے ریٹرننگ افسر اور الیکشن ٹریبونل کی جانب سے میاں خرم رسول کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیل مسترد کر دی،اپیل میں موقف اپنایا گیا کہ بنک ڈیفالٹر ہونے پر کاغذات مسترد کئے گئے، کچھ ادائیگی کر دی اوربنک کے ساتھ کیس زیر التواء ہے،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بنک کے ساتھ راضی نامہ پیش کر یں، تین رکنی بنچ نے پی پی290 ڈی جی خان سے سردار محی الدین کھوسہ اورپی پی 40 سے امیدوار طارق محمود کے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ پی پی 62 سے سہیل احمد خان ، این اے 56 سے میاں خرم رسول ،این اے 126 سے بلاول ایوب اور فیضان خالد بٹ کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے۔