ض*فلسطین کے حق میں کیس،ری پبلک آف ساؤتھ افریقہ کی حکومت اور عوام کا شکریہ

اتوار 14 جنوری 2024 20:20

ًلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جنوری2024ء) جماعت اسلامی کے مرکزی راہ نما حافظ محمد ادریس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ افریقی براعظم کے حریت پسند لیڈر نیلسن منڈیلا کے ملک ساؤتھ افریقہ نے ظلم کے مقابلے میں عظیم کردار کا مظاہرہ کیا ہے۔مغربی طاقتوں بالخصوص امریکہ و برطانیہ کی مکمل سرپرستی اور بھاری اسلحے کی امداد کے ساتھ اسرائیلی درندوں نے غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنادیا۔

26ہزار سے زائد مسلمان جن میں اٹھارہ ہزار سے زیادہ خواتین اور بچے شامل ہیں ان ظالموں کے ہاتھوں شہادت کے رتبے پر فائز ہوچکے۔اس وقت اہل فلسطین نسل کشی کی بدترین آزمائش سے گزررہے ہیں۔ان حالات میں 58اسلامی ممالک کی حکومتوں کو سانپ سونگھ گیا ہے۔کسی ایک مسلمان ملک کی غیرت نہیں جاگی کہ اپنے مظلوم بہن بھائیوں کے لیے کچھ عملی اقدام کرسکیں۔

(جاری ہے)

حافط محمد ادریس نے کہا کہ ان حالات میں پوری دنیا میں ساؤتھ افریقہ واحد ملک ہے جس نے عالمی عدالت میں مدعی بن کر اس کیس کو اٹھایا ہے۔اس نے امریکہ اور مغرب کی ساری سامراجی قوتوں کی کسی دھمکی کی پرواہ نہیں کی۔دنیا بھر کے مسلمان اس جرات مندانہ اور منصفانہ اقدام پر ری پبلک آف ساؤتھ افریقہ کی حکومت اور عوام کے شکرگزار ہیں۔ظالم کے خلاف کوئی قدم اٹھانے والا نہیں تھا۔اب عالمی عدالت برائے ہیومن کرائمزکا امتحان ہے کہ وہ کیا فیصلے کرتی ہے۔۔