میں نے کبھی پریس کانفرنس نہیں کی ،کسی کیخلاف غلط بات کی ہے نہ کرونگا ،شیخ رشید

اگر میں گرفتار ہو جاﺅں تو عوام 8فروری کو این اے 56اور این اے 57میں قلم دوات پر مہر لگائیں،عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 15 جنوری 2024 10:30

میں نے کبھی پریس کانفرنس نہیں کی ،کسی کیخلاف غلط بات کی ہے نہ کرونگا ..
راولپنڈی(ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15جنوری2024 ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی پریس کانفرنس نہیں کی ، کسی کیخلاف غلط بات کی ہے نہ کرونگا ۔راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 9 مئی کے مقدمات میں کیس کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے پنڈی کی پگ پر داغ نہیں لگنے دیا۔

سچائی کے ساتھ اصلی اور نسلی والا کام کیا ہے۔ دوستی کو نبھایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر میں گرفتار ہو جاﺅں تو عوام 8 فروری کو این اے 56 اور این اے 57 میں قلم دوات پر مہر لگائیں۔ میں نے چلہ بھی کاٹا لیکن اصولوں کی سیاست پر کمپرومائز نہیں کیا ۔ ہم اپنا الیکشن لڑنے جارہے ہیں پولیس اگر گرفتار کرنا چاہتی ہے تو میں اور میرابھتیجا راشد شفیق جیل سے الیکشن لڑیںگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی ہمارے ساتھ ایسا ہوچکا ہے ہم نے اپنا کیس اللہ پر چھوڑاہے۔ 8 فروری کو انشاءاللہ قلم دوات این اے 56اور این اے 57 سے بھاری اکثریت سے جیتے گا۔ ہم نے اپنا کام کر دیا ہے اب الیکشن والے دن عوام کا کام ہے کہ وہ ووٹ ڈالنے کیلئے اپنے گھروں سے نکلیں ۔ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ پنڈی میں کس نے ترقیاتی کام کروائے ہیں ۔عوام 8 فروری کو کسی دھوکے میں نہیں آئیں گے۔

مجھے پورا یقین ہے اب عوام کسی کے بھکاوئے میں نہیں آئیں گے اور صرف قلم دوات پر ہی مہر لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے دوستی کا حق ادا کیا ہے اور اس امتحان میں پاس ہوا ہے ۔میں آخری سانس تک دوستی کے ساتھ کھڑاہوں۔ عوام نے الیکشن والے دن گھروں سے نکل کرصرف قلم دوات پر مہر لگانی ہے ۔ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ اس ملک میں غریب کے ساتھ جو ظلم ہوا اور ان کو مہنگائی کے جہنم میں پھینکا گیا ہے ان چیزوں کا بدلہ لینے کیلئے قلم دوات میدان میں نکلی ہے۔