فیصل آباد پریس کلب کے سالانہ انتخابات 28 جنوری کو ہوں گے

پیر 15 جنوری 2024 12:34

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2024ء) فیصل آباد پریس کلب کے سالانہ انتخابات 28 جنوری کو صبح9 تا شام5 بجے تک ہوں گے۔ پریس کلب کے سالانہ انتخابات برائے سال25۔2024کے لئے مقرر کردہ الیکشن کمیٹی کے چیئر مین میاں بشیر احمد اعجازنے بتایا کہ کا غذات نامزدگی17جنوری تک صبح 10تا شام 4 بجے تک پریس کلب میں کمیٹی سے حاصل کر کے جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ الیکشن میں حصہ لینے والے مختلف عہدوں کے امیدواروں کےلئے ناقابل واپسی فیس4ہزار روپے جبکہ ایگز یکٹو باڈی کے امیدواروں کےلئے2500روپے ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ18جنوری شام 5بجے کا غذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی غیر حتمی فہرست پریس کلب میں آویزاں کر دی جائیں گی جس پر اعتراضات 19جنوری کو شام4بجے تک وصول کئے جائیں گے جبکہ اعتراضا ت پر سماعت کے بعد الیکشن کمیٹی 19جنوری کو شام 5بجے تک امیدواروں کی فہرست جاری کرے گی اور اسی روز شام 5 بجے تک امیدوار کا غذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ20جنوری کو شام 5بجے تک امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی نیز الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کو اپنی سالانہ فیس ادائیگی کی رسید الیکشن کمیٹی کو فراہم کرنی ہو گی جبکہ ووٹر کو بھی اپنا ووٹ ڈالنے سے قبل کلب کی سالانہ فیس جمع کروانی ضروری ہو گی۔انہوں نے کونسل و ایسوسی ایٹ ممبران فیصل آبادپریس کلب کو مطلع کیاکہ الیکشن کمیٹی کے فیصلہ کے مطابق تمام ممبران 22جنوری تک اپنی سالانہ فیس300روپے فی کس کے حساب سے آفس سپرنٹنڈنٹ محمد عقیل احمد(رابطہ نمبر8500411۔0303) کے پا س صبح 10تا سہ پہر3بجے تک جمع کرواکر رسید حاصل کرلیں بصورت دیگروہ اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کر سکیں گے۔