وزیر اعلی محسن نقوی نے تاجپورہ سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کر دیا

جمعرات 18 جنوری 2024 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2024ء) نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے 7 برس سے تعطل کا شکار تاجپورہ سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کردیا ہے۔وزیراعلی محسن نقوی نے تاجپورہ سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا اورکھیلوں کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کے اقدام کو سراہا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے بیڈ منٹن اور سنوکر کھیلی،صوبائی وزیر اظفر علی ناصر، چیف سیکرٹری، سی سی پی او، سیکرٹری ہاؤسنگ اور دیگر حکام نے بھی مختلف سپورٹس میں حصہ لیا۔

وزیر اعلی نے جم،بیڈ منٹن انڈور ہال، سنوکر روم، ٹیبل ٹینس ہال اورسوئمنگ پول، لیڈیز جم اور سنوکر روم کا معائنہ کیا اور جم میں ایکسرسائز کیلئے جدید مشینیں فراہم کرنے کے اقدام کی تعریف کی۔ انہوں نے سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی بہترین سہولتوں کی فراہمی اور اعلی معیار پر کمشنر لاہور او ران کی ٹیم کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے 7 سال سے یہ منصوبہ بھی التوا کا شکار رہا،8 کنال پر تعمیر کیے گئے سپورٹس کمپلیکس میں مرد و خواتین، فیملیز کے لیے 20 سے زائد ان ڈورسپورٹس فراہم کی گئی ہیں۔

وزیراعلی نے کہا کہ چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان تب ڈی جی ایل ڈی اے تھے جب سپورٹس کمپلیکس پراجیکٹ شروع کیا گیا،اب چیف سیکرٹری بنے ہیں تو سپورٹس کمپلیکس مکمل ہوئے ہیں۔لاہور میں مجموعی طور پر11سپورٹس کمپلیکس بنیں گے جن کاچند روز میں افتتاح کر دیا جائے گا۔تاجپورہ سپورٹس کمپلیکس8کنال پر محیط ہے،علاقے میں کھیل کیلئے گراؤنڈ موجودنہیں تھے، یہ سپورٹس کمپلیکس ایک نعمت سے کم نہیں۔

نوجوانوں اور کھیل کو جتنا سپورٹ کر سکتے ہیںکریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے کے زیر انتظام گلوبل ویلج مال کی بڈنگ مکمل ہو گئی ہے یہ منصوبہ 5برس سے رکا ہوا تھا۔ گلوبل ویلج مال کا فروری کے پہلے ہفتے میں افتتاح کر دیں گے۔گلوبل ویلج مال لاہور میں ایک منفرد شاپنگ مال ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور ترقیاتی پراجیکٹس میں سردی اوردھند کی وجہ سے مشکلات آ رہی ہیں۔

کنکریٹ اور اسفالٹ کے کام کیلئے مخصوص درجہ حرارت درکار ہوتا،موسم کی وجہ سے مسائل ہیں۔ایف ڈبلیو او، این ایل سی اور دیگر ٹیمیں پوری کوشش کررہی ہیں کہ ایس ایل تھری پراجیکٹ الیکشن سے پہلے مکمل کر لیں۔ایک سوال کے جواب نے وزیراعلی نے کہا کہ الحمد اللہ پاکستانی فوج نے ایران کے حملوں کا بھرپورانداز میں جواب دیا ہے۔کوئی بھی ملک پاکستان کیلئے ایسے سوچے گا تواسے منہ توڑ جواب ملے گا۔

سپورٹس کمپلیکس کی ممبر شپ آسان اقساط میں بھی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ چین کے ماحولیاتی ماہرین کو سموگ سے متعلق مزید ڈیٹا فراہم کیا جائے گا اور مزید ریسرچ کریں گے۔پہلا اینٹی سموگ ٹاور 15سے 20دنوں میں نصب کر دیا جائے گا۔بند روڈ پراجیکٹ کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے،اظفر علی ناصر اور ڈی جی ایل ڈی اے زیادہ وقت وہاں گزراتے ہیں۔امامیہ کالونی فلائی اوور 5فروری تک کھل جائے گا۔صوبائی وزرا اظفر علی ناصر، عامر میر، چیف سیکرٹری،سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری سپورٹس، سی سی پی او، کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔