آئی سی سی آئی اور یونیسیف پاکستان کے درمیان باہمی تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

کمزور طبقات کی بہتری کیلئے یونیسیف پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے، احسن بختاوری یونیسیف پاکستان آئی سی سی آئی کے ساتھ مل کر سازگار پالیسیوں کیلئے کام کرے گا،عبداللہ فاضل

جمعہ 19 جنوری 2024 22:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2024ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور یونیسیف پاکستان نے باہمی تعاون کے ذریعے پسماندہ طبقات کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور پاکستان میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب پیش رفت کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری اور یونیسیف پاکستان کے نمائندہ عبداللہ اے فاضل نے مفا ہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے صحت و تعلیم، بچوں کے تحفظ، ہنرمندی کی ترقی ، موسمیاتی تبدیلی ، غذائیت، پینے کے صاف پانی، صفائی، حفظان صحت اور سماجی تحفظ سمیت دیگر شعبوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے یونیسیف پاکستان کی کوششوں کو سراہا جس وجہ سے خاص طور پر معاشرے کے کمزور طبقات کی مشکلات کم ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر بچوں کے حقوق کے بہتر تحفظ اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کی کوششوں میں یونیسیف پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ انہوںنے کہا کہ یونیسیف جیسے ادارے پاکستان میں غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مفید کردار ادا کر رہے ہیں لہذا تاجر برادری ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اپنے اراکین کو یونیسیف کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے متحرک کرے گا اور غریب لوگوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں چیمبر کے ممبران اور یونیسیف پاکستان کے درمیان پارٹنرشپ کو فروغ دینے کی کوشش کرے گا۔ پاکستان میں یونیسیف کے نمائندے عبداللہ اے فاضل نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر آئی سی سی آئی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یونیسیف پاکستان آئی سی سی آئی کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اور دیگر شعبوں میں بہتری لانے کیلئے کوشش کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یونیسیف بچوں کے حقوق کے بہتر تحفظ اور اسکول سے باہر بچوں کو نظام تعلیم میں لانے کے لیے چیمبر کے ساتھ مل کر کردار ادا کرے گا۔ آئی سی سی آئی اور یونیسیف مشترکہ طور پر حکومت پر زور دیں گے کہ وہ کاروبار اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو فروغ دینے، معاشرے کے پسماندہ لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے سازگار پالیسیوں کی تشکیل اور ریگولیٹری فریم ورک کو بہتر کرنے پر توجہ دے۔

انجینئر اظہر الاسلام ظفر نائب صدر آئی سی سی آئی، خالد اقبال ملک گروپ لیڈر، ظفر بختاوری سابق صدر آئی سی آئی اور سیکرٹری جنرل یو بی جی پاکستان، جوسیانے کھوری پارٹنرشپ منیجر یونیسیف، فصیح اللہ خان، مقصود تابش، راجہ محمد امتیاز، شیخ محمد اعجاز، چوہدری محمد علی ، خالد چوہدری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔