سپریم کورٹ ،جے یو آئی کے عبدالحفیظ لونی کو الیکشن میں حصہ لینے سے روک دیا گیا

بدھ 24 جنوری 2024 17:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2024ء) سپریم کورٹ نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے امیدوار برائے قومی اسمبلی عبدالحفیظ لونی کو الیکشن میں حصہ لینے سے روک دیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل بنچ سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے بدھ کو یہاں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 252 سے انتحابات میں حصہ لینے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت درخواست گزار عبدالحفیظ لونی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل کی نیب کیس میں دی گئی سزا پوری ہو چکی ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ نیب کورٹ نے 10 سال قید کی سزا اور 5 کروڑ روپے جرمانہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپ کا مؤکل تو صرف دو سال اور دو ماہ ہی جیل میں رہا ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آپ کا موکل 8 سال تک پے رول پر جیل سے باہر رہا ہے اور جرمانہ کی ادائیگی بھی نہیں کی گئی۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے جے یو آئی کے امیدوار قومی اسمبلی عبدالحفیظ لونی کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن ٹربیونل اور بلوچستان ہائی کورٹ کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کرنے کے فیصلہ کو برقرار رکھا۔