صوبے بھر میں سردی اور دھند کی شدت برقرار،متعددپروازیں منسوخ،موٹروے کئی مقامات سے بند رہی

جمعہ 26 جنوری 2024 22:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2024ء) پنجاب بھر کے مختلف اضلاع میں دھند کا راج برقرار ہے جس کے باعث 24پروازیں منسوخ اور 4متبادل ایئر پورٹس پر منتقل کر دی گئیں جبکہ موٹر وے بھی مختلف مقامات سے بند رہی۔تفصیلات کے مطابق شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر موٹر ویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق ایم ٹو لاہور سے فاروق آباد، ایم تھری فیض پور سے جڑانوالہ تک ٹریفک کے لئے بند رہی ۔ایم فور فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک بند ، شدید دھند کی وجہ سے لاہور سیالکوٹ موٹر وے کو بھی ہر طرح کی ٹریفک کے لئے بند رہی ۔ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دوران سفر اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

ملک میں جمعہ کے روز بھی دھند نے ڈیرے ڈال رکھے جس کے باعث 24پروازیں منسوخ ہو گئیں جبکہ 4متبادل ایئر پورٹس منتقل کر دی گئیں۔دمام سے اسلام آباد اور سیالکوٹ کی پروازیں پی کے 246، 244لاہور منتقل کر دی گئیں۔پی آئی اے کی کویت سٹی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 240 لاہور اتار لی گئی ۔دمام سے لاہور کی پرواز پی کے 248 کو اسلام آباد موڑا گیا۔اسلام آباد سے جدہ کی سعودی ایئر لائن کی 2پروازیں، اسلام آباد سے دبئی کی پرواز ای آر 702 اور پی کے 233 منسوخ کر دی گئیں۔

اسلام آباد سے کراچی کی 2پروازیں ای آر 503اور 505، اسلام آباد سے گلگت کی 4پروازیں پی کے 601، 602، 605، 606منسوخ ہو گئیں۔کراچی اورسکھر کے درمیان پی آئی اے کی 2پروازیں پی کے 536، 537، پشاور سے ابوظبی کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 118منسوخ ہو گئی۔ملتان سے دبئی کی پی آئی اے کی 2پروازیں پی کے 221اور 222، لاہور سے کراچی کی 4پروازیں ای آر 522، 523، 524اور 526 منسوخ کر دی گئی۔لاہور سے ابو ظبی کی پی آئی اے کی پرواز 236 بھی منسوخ کر دی گئی۔دوسری جانب رات گئے اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی سے موسم مزید سرد ہوگیا۔کھاریاں اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش نے سردی کی شدت بڑھا دی ۔