دینی سیاسی، کاروباری و مختلف برادریوں کی جانب سے جماعت اسلامی کے اُمیدوار محمد کاشف چوہدری کی حمایت کا اعلان

ہفتہ 27 جنوری 2024 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2024ء) نامور دینی سیاسی، کاروباری و مختلف برادریوں کی جانب سے جماعت اسلامی کے اُمیدوار این اے 47 محمد کاشف چوہدری کی حمایت کا سلسلہ جاری ہے ،جمعیت اہلحدیث کے صدر مولانا اقبال سلفی،جنرل سیکرٹری سردار محمد خالد، نائب صدر ڈاکٹر ثناء اللہ ظہیر،سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری، چیئرمین تحریک جوانان پاکستان عبد اللہ گل،اسلام آباد میں ہندو برادری کے سربراہ و پی ٹی آئی کے سابق نائب صدر چمن لال،اسلام آباد بزنس فورم کے جنرل سیکرٹری محمد امتیاز عباسی،بہارہ کہو کی قریشی برادری محمد نصیر قریشی، حافظ تنویر قریشی، حافظ اعجاز قریشی، اسامہ قریشی، عدیل قریشی، ارسلان نعمت و دیگر نے اپنی برادیوں سمیت حمایت کا اعلان کیا ہے ۔

(جاری ہے)

سیاسی و مذہبی جماعتوں، ملک کی نامور شخصیات، تاجر تنظیموں اور بڑی برادیوں کی حمایت کی وجہ سے محمد کاشف چوہدری کی پوزیشن سب سے مضبوط ہے اور حلقہ کے نوجوان ووٹرز بھی محمد کاشف چوہدری کے قافلے میں شامل ہو رہے ہیں۔محمد کاشف چوہدری کی حمایت کرنے والی شخصیات کا کہنا ہے کہ محمد کاشف چوہدری نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کو ترجیح دی اور وہ سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ حلقہ این اے 47میںان کی پوزیشن دیگر امیدواروں کی نسبت سب سے زیادہ مضبوط ہے،کاشف چوہدری کی قیادت میں حلقہ این اے 47کے عوام کو ان تمام مسائل سے چھٹکارا ملے گا جو گزشتہ 76سالہ اقتدار میں نہیں ملا۔

محمد کاشف چوہدری کا کہنا ہے کہ عوام نے منافقت کی سیاست کرنے والوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور اس بار ایماندار اور دیانت دار قیادت ہی پارلیمنٹ میں پہنچے گی اور عوام کے دکھوںکا مدوا کرے گی۔