Live Updates

پی ٹی آئی سے وابستہ بچے کو بوسہ، کیپٹن صفدر کے انداز نے دل چھو لیے

کپتان نے دل جیت لیا، صفدر اعوان کی پی ٹی آئی کا پرچم تھامے کھڑے بچے کو بوسہ دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 1 فروری 2024 16:18

پی ٹی آئی سے وابستہ بچے کو بوسہ، کیپٹن صفدر کے انداز نے دل چھو لیے
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 فروری 2024ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے داماد اور مریم نواز شریف کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان کے انتخابی مہم کے دوران ایک انداز نے لوگوں کے دل چھو لیے۔سوشل میڈیا سائٹس پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ حلقے کے دیگر لوگوں کے ہمراہ انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔

اسی دوران ان کی نظر پاس کھڑے ایک بچے پر پڑتی ہے جس نے ہاتھوں میں تحریک انصاف کا جھنڈا تھام رکھا ہے۔کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان بچے کے پاس جاتے ہیں اور اس کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھتے ہیں،ساتھ ہی بچے کے ماتھے پر بھی بوسہ دیتے ہیں۔کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان کا یہ انداز لوگوں کو بھا گیا۔چونکہ کچھ سالوں سے سیاست میں نفرت نے دشمنی کی جگہ اختیار کر لی ہے اور سیاسی مخالفین ایک دوسرے کو دیکھنا تک گوارا نہیں کرتے ایسے میں صفدر کے اعوان کے اس عمل کو بہت سراہا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو بھی وائرل ہو چکی ہے جس پر صارفین کے تبصرے بھی جاری ہیں۔سینئر صحافی حامد میر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ صفدر بھائی آپ نے اس بچے کا ماتھا چوم کر ہمیں یہ امید دی ہے کہ آنے والے وقت میں سیاسی اختلاف کی بنیاد پر نفرت اور انتقام کی سیاست کو خیرباد کہہ دیا جائے گا آپ کا بہت شکریہ
مسلم لیگ کی رہنما مائزہ حمید نے ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن صفدر کا پی ٹی آئی سے وابستہ بچے کا ماتھا چوم کے نفرت اور انتقام کی سیاست کا راستہ روکنے کا اعلی اقدام ہے۔

صحافی زبیر علی خان نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن صفدر نے ثابت کیا کہ وہ نوازشریف سے زیادہ سیاست کو سمجھتے ہیں، کم از کم انہوں نے اس بچے کو بیوقوف ہونے کا طعنہ تو نہیں دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کی عزت خیبرپختونخوا میں کیپٹن صفدر ہی بچانے کی پوزیشن میں ہیں۔
۔ساتھ ہی سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے حامیوں نے مریم نواز کے اس بیان کا بھی ذکر کیا جس میں وہ پی ٹی آئی کو ایک دہشتگرد جماعت قرار دے رہی ہیں اور کہتی ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے جو دہشتگردوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

پی ٹی آئی صارفین نے کہا کہ مریم نواز کو بھی صفدر اعوان سے سیکھنا چائیے۔نفرت کی سیاست کو ختم کرنے کے لیے سب سیاسی رہنماؤں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات