چیف الیکشن کمشنر کا عام انتخابات میں کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ

چیف الیکشن کمشنر اپنا ووٹ اسلام آباد میں منتقل نہ کروا سکے، چیف الیکشن کمشنر پولنگ ڈے پر اسلام آباد میں الیکشن مانیٹر کریں گے،ذرائع الیکشن کمیشن

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 2 فروری 2024 12:29

چیف الیکشن کمشنر کا عام انتخابات میں کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہ دینے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 فروری2024ء) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے عام انتخابات میں کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔پبلک نیوز کے مطابق ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا ووٹ این اے 82 بھیرہ میں موجود ہے۔ چیف الیکشن کمشنر پولنگ ڈے پر اسلام آباد میں الیکشن مانیٹر کریں گے۔

چیف الیکشن کمشنر نے پوسٹل بیلیٹ پیپر کے لیے بھی ایپلائی نہیں کیا، ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اپنا ووٹ اسلام آباد میں منتقل نہ کروا سکے۔گذشتہ روز خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال اور اس کے عام انتخابات پر اثرات پر غور وخوض کے لیے الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس ہوا۔

(جاری ہے)

جس میں انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی، سیکیورٹی کے چیلنجز اور انتخابی عمل کو متاثر کرنے والے واقعات کے باوجود الیکشن کا عمل نہیں رکے گا، الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے اور اس حوالے سے کسی کو وہم یا گمان ہونا چاہیے۔

سکندر سلطان راجہ نے دہشت گردی کا انتخابی عمل کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا تاہم انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے تمام تر ضروری انتظامی و حفاظتی انتظامات لیے جائیں گے اور سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور ووٹرز کو بلاخوف خطر اپنی انتخابی مہم چلانے اورشہریوں کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتخابات کے دن بالخصوص ووٹوں کی گنتی کے عمل اور نتائج کے اعلان کے وقت مختلف عناصر کی جانب سے قانون ہاتھ میں لینے کی کوششوں سے خبردار رہنے کی تلقین کی۔سیکرٹری وزارت داخلہ،صوبہ خیبر پختونخواہ اور صوبہ بلوچستان کے چیف سیکرٹری اور آئی جی صاحبان، دیگر ایجنسیوں کے نمائندگان نے ملک بھر اور بالخصوص خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال اور عام انتخابات کے محفوظ اور پر امن انعقاد کیلئے اٹھائے گئے جملہ حفاظتی و انتظامی اقدامات سے کمیشن کو آگاہ کیا۔