خانوزئی اور قلعہ سیف اللہ میں افسوسناک واقعات کے بعد کل الیکشن ضروراور پرامن ہونگے،جان اچکزئی

عوام کل اپنے گھروں سے نکلیں اور دہشتگردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیں،دھماکے کوشش تھی کہ بلوچستان میں الیکشن کے عمل کو سبوتاژ کیاجائے،نگران صوبائی وزیر اطلاعات کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 7 فروری 2024 13:52

خانوزئی اور قلعہ سیف اللہ میں افسوسناک واقعات کے بعد کل الیکشن ضروراور ..
کوئٹہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 فروری2024 ء) نگران وزیراطلاعات بلوچستا ن جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ خانوزئی اور قلعہ سیف اللہ میں افسوسناک واقعات کے بعد کل الیکشن ضروراور پرامن ہونگے،عوام کل اپنے گھروں سے نکلیں اور دہشتگردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیں۔میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے نگران وزیراطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ دھماکے کوشش تھی کہ بلوچستان میں الیکشن کے عمل کو سبوتاژ کیاجائے۔

جس طرح ایک ماہ میں ہزاروں جلسے اور کارنر میٹنگز ہوئی ہیں انشاءاللہ کل کا دن بھی پرامن ہوگا، ہم اس افسوسناک واقعے کے بعد بھی اپنی ذمہ داری جاری رکھیں گے اگر ضرورت پڑی تو شدید زخمیوں کو وزیراعلیٰ کے طیارے میں علاج کیلئے دوسرے شہروں میں منتقل کریں گے۔نگران وزیر اطلاعات بلوچستان کا کہنا تھا کہ خانوزئی میں ہونے والا افسوسناک واقعہ خودکش دھماکا نہیں تھا، دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا۔

(جاری ہے)

آج بلوچستان کے دو اضلاع میں دھماکے ہوئے جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 25افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ۔پولیس نے خانوزئی میں ہونے والے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا انتخابی امیدوار کے دفتر کے باہر ہوا، دھماکے کے بعد علاقے میں کھڑی موٹرسائیکلیں تباہ ہوگئیں اور دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔اسی طرح بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں جمعیت علمائے اسلام کے انتخابی دفترکے باہردھماکے سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے متعدد افراد زخمی ہیں جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔قلعہ سیف اللہ کوئٹہ سے 170 کلو میٹر دور ہے، جے یو آئی کے مولانا سمیع الحق یہاں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔پولیس کے مطابق دھماکے کے وقت کارکنوں کی بڑی تعداد دفترمیں موجودتھی۔