سندھ سے تین خواتین قومی اسمبلی کی جنرل نشست پر کامیاب

ہفتہ 10 فروری 2024 18:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2024ء) سندھ بھر سے تین خواتین قومی اسمبلی کے حلقوں پر جنرل نشستوں پر کامیاب ہوگئیں اور انہوں نے روایتی مرد سیاست دانوں کو شکست دی۔سندھ سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر کامیاب ہونے والی تین خواتین میں سے دو کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی جب کہ ایک کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سے ہے۔

(جاری ہے)

غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کی سیدہ نفیسہ شاہ حلقہ این اے 202 خیرپور سے کامیاب ہوئیں جب کہ شازیہ مری این اے 2019 سانگھڑ سے کامیاب ہوئیں۔نفیسہ شاہ نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید غوث علی شاہ کو شکست دی جبکہ شازیہ عطا مری نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی ای) کے محمد خان جونیجو کو ہرایا۔اسی طرح صوبائی دارالحکومت کراچی کے حلقہ این اے 232 کراچی کورنگی ون سے ایم کیو ایم پاکستان کی آسیہ اسحاق صدیقی کامیاب ہوئیں، انہوں نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اور جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتوں کے امیدواروں کو شکست دی۔