Live Updates

9 مئی جیسا واقعہ دہرانے کی پلاننگ کی جارہی ہے، محسن نقوی

ایسا کوئی عمل نہ دہرایا جائے ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا‘ کسی نے بھی شرانگیزی کی کوشش کی تو سخت رد عمل ہوگا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 12 فروری 2024 14:09

9 مئی جیسا واقعہ دہرانے کی پلاننگ کی جارہی ہے، محسن نقوی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 فروری 2024ء ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ ٹھوس شواہد ملے ہیں 9 مئی کی طرز پر ایک نئی خوفناک سازش تیار کی گئی ہے، اس سازش کو آہنی ہاتھوں سے کچل دیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کا پورا پراسیس ہوتا ہے جو کامیابی سے پورا ہوا لیکن اب ہمارے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ ایک گروہ دوبارہ 9 مئی جیسے واقعات کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، اس بار بندوبست بھی پورا ہے، ایجنسیوں نے نو مئی جیسے ایک اور واقعے کے دہرائے جانے کی منصوبہ بندی کی گفتگو پکڑی ہے، ایسا کوئی عمل نہ دہرایا جائے، ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا، کسی نے بھی شرانگیزی کی کوشش کی تو سخت رد عمل ہوگا۔

دوسری طرف انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں زیر سماعت 9 مئی کو تھانہ شادمان کو نذر اتش کرنے کے مقدمہ میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے کیس کی سماعت کی جہاں عدالت نے تھانہ شادمان نذر آتش کیس کا جیل میں ٹرائل کرنے کا حکم دے دیا، اس سلسلے میں عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری پر فرد جرم بھی عائد کر دی، تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ملزمان کیخلاف تھانہ شادمان میں مقدمہ نمبر 768/23 درج ہے، عدالت نے سماعت پر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کر رکھا تھا، عدالت نے تمام ملزمان کو چالان کی نقول تقسیم کر رکھی ہیں، پراسیکیوشن نے تھانہ شادمان نزر آتش کیس کا چالان جمع کروایا تھا، چالان میں بغاوت سمیت دیگر سنگین الزامات لگائیں گئے ہیں۔ علاوہ ازیں 9 مئی کو فوجی تبصیبات پرحملوں سے متعلق 12 مقدمات کی سماعت راولپنڈی کی انسداددہشت گردی عدالت میں آج ہوگی، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجازآصف نامزد 498 ملزمان کے خلاف جیل ٹرائل کا آغازکریں گے، جنہوں نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنوں کو طلب کر رکھا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ عمران خان، شاہ محمود، شیخ رشید کو اڈیالہ جیل سے ہی حاضری کیلئے پیش کیا جائے گا جب کہ ضمانت پر موجودہ تمام ملزمان حاضری کے لیے اڈیالہ جیل کمیونٹی ہال کمرہ عدالت پہنچیں گے، انسداد دہشت گردی عدالت نے اڈیالہ جیل میں گزشتہ سماعت پر عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو مقدمات کی نقول فراہم کرتے ہوئے فرد جرم عائد کرنے کیلئے 6 فروری کی تاریخ مقرر کی تھی۔
Live پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق تازہ ترین معلومات