Live Updates

حمزہ شہباز کی صوبائی اسمبلی 147 کی نشست پر کامیابی کیخلاف درخواست خارج

لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 13 فروری 2024 11:18

حمزہ شہباز کی صوبائی اسمبلی 147 کی نشست پر کامیابی کیخلاف درخواست خارج
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 فروری2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی صوبائی اسمبلی 147 کی نشست پر کامیابی کیخلاف درخواست خارج کردی۔ جسٹس علی باقر نجفی مے محمد خان مدنی کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے درخواست گزار کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ مجھے 1100 ووٹوں سے شکست دی گئی ہے۔ فارم 45 کے مطابق میں جیت چکا ہوں فارم 47 میں حمزہ شہباز کو کامیاب قرار دے دیا گیا۔

عدالت فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے کا حکم دے۔جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے لاہور سے قومی اسمبلی حلقہ این اے118سے سابق وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی کامیابی کے خلاف دائر درخواست کے قابل سماعت سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔جسٹس علی باقر نجفی نے آزاد امیدوار عالیہ حمزہ کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست عالیہ حمزہ کے خاوند نے دائر کی تھی جس میں ریٹرننگ افسر، الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

حلقہ این اے 118 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار حمزہ شہباز 5 ہزار ووٹوں کی لیڈ سے جیتے ہیں ۔ حمزہ شہباز نے ایک لاکھ 5 ہزار 960 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کی مدمقابل پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار عالیہ حمزہ ملک ایک لاکھ 803 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔قبل ازیں مریم نواز، خواجہ آصف، علیم خان سمیت 18 رہنماوں کے نتائج کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست مسترد، لاہور ہائیکورٹ نے 18 حلقوں کے انتخابی نتائج کیخلاف دائر درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیں۔

تحریک انصاف کو پنجاب کے 18 قومی اسمبلی کے حلقوں کے نتائج رکوانے کے حوالے سے عدالتی محاذ پر پہلی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے مریم نواز، خواجہ آصف، عطا تارڑ، سیف الملوک کھوکھر، علیم خان و دیگر رہنماوں کے کل 18 حلقوں کے انتخابی نتائج کیخلاف دائر درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیں۔ عدالت نے درخواست گزاروں کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔ قبل ازیں عدالت نے دائر درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات