Live Updates

جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کو حکومت سازی کے لیے اتحاد کا گرین سگنل دے دیا

آزاد امیدواروں کے تحفظ کیلئے اگر پی ٹی آئی کو جماعت اسلامی کی ضرورت پڑی تو ویلکم کہیں گے، لیاقت بلوچ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 13 فروری 2024 15:47

جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کو حکومت سازی کے لیے اتحاد کا گرین سگنل ..
اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 فروری 2024ء ) موجودہ سیاسی صورتحال میں ایک اور پیش رفت سامنے آئی جہاں پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کی قیادت کا رابطہ ہوا اس دوران دونوں جماعتوں نے ساتھ مل کر چلنے پر اتفاق کیا، بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماء بیرسٹر گوہر علی خان کا نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے رابطہ ہوا، جس میں دونوں پارٹیز نے آزاد اراکین کی شمولیت سے قبل ٹی او آرز طے کرنے پر اتفاق کیا اور ٹی او آر طے کرنے کے لیے 3 رکنی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں، پی ٹی آئی کی کمیٹی میں بیرسٹر گوہر علی، اعظم سواتی اور علی امین گنڈاپور شامل ہیں جب کہ جماعت اسلامی کی 3 رکنی کمیٹی میں لیاقت بلوچ، پروفیسر ابراہیم اور عنایت اللہ کو شامل کیا گیا ہے۔

دونوں جماعتوں کے رہنماؤں معاملات کو آگے بڑھانے کے لئے مشاورت کریں گے، اس حوالے سے کمیٹیاں جلد ہی ٹی او آر طے کر کے حتمی فیصلے کے لیے قیادت کو ارسال کریں گی، حتمی معاملات طے کرنے کے بعد پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی میں اتحاد ہوگا، کمیٹیاں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے درمیان مستقل رابطے کو بھی یقینی بنائیں گی۔

(جاری ہے)

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے پی ٹی آئی کے ساتھ رابطوں کی تصدیق کردی ۔

تحریک انصاف کو حکومت سازی کے لیے اتحاد کا گرین سگنل دے دیا۔میڈیا ذرائع کے مطابق لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ آزاد امیدواروں کے تحفظ کیلئے اگر پی ٹی آئی کو جماعت اسلامی کی ضرورت پڑی تو ویلکم کہیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے ساتھ مل کر چلنے پر اتفاق کیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ اس حوالے سے پی ٹی آئی جماعت اسلامی کے علاوہ ایم ڈبلیو ایم کی قیادت سے بھی رابطے میں ہے، انتخابات سے قبل اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان سے مجلس وحدتِ مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی ملاقات بھی ہوچکی ہے، جس کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ہم خون کے آخری قطرے اور آخری سانس تک عمران خان کے ساتھ ہیں، آزادی ایک وسیع پیمانہ رکھتی ہے اور اس سفر میں عمران خان اور ہم اکٹھے ہیں کیوں کہ یہ راستہ عزت کا راستہ ہے اور ہم کربلا کے ماننے والے ہیں اس لیے قربانی دینے والوں میں سب سے آگے ہوں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات