قبضہ گروپ منشا بم کے دو بیٹوں کی عبوری ضمانت میں 26 فروری تک توسیع

انسداد دہشت گردی عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس سے تفتیشی رپورٹ طلب کرلی

جمعرات 15 فروری 2024 14:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2024ء) انسداددہشت گردی عدالت نے سرکاری پلاٹوں پر قبضہ ،ایل ڈی اے افسران پر حملہ اور فائرنگ کے مقدمے میں قبضہ گروپ منشا بم کے دو بیٹوں کی عبوری ضمانت میں 26فروری تک توسیع کر دی۔انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج محمد نوید اقبال نے سماعت کی ۔ملزمان عامر منشا اور طارق منشا حاضری کے لئے اپنے وکیل شیر گل قریشی ایڈووکیٹ کے ہمراہ پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 26فروری تک توسیع کر دی اور آئندہ سماعت پر پولیس سے تفتیشی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔ عامر منشا اور طارق منشا کافی عرصہ اس مقدمہ میں اشتہاری بھی رہے ، منشا بم اور اس کے بیٹوں کے خلاف تھانہ ٹائون شپ میں مقدمہ درج ہے اور ملزمان پر ایل ڈی اے افسران پر تشدد اور فائرنگ کا الزام ہے ۔ایل ڈی اے اسٹیٹ افسر رائے شاہ جہاں کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کیا جس کے متن کے مطابق ایل ڈی اے ٹیم پر قبضہ واگزار کراتے ہوئے منشا بم اور دیگر نے حملہ کیا ، ملزمان نے ایل ڈی اے افسران اور اہلکاروں پر فائرنگ کی ۔