پٹرولیم مصنوعات میں ممکنہ اضافے کی تفصیلات سامنے آ گئیں

پٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، لائٹ اسپیڈ ڈیزل سمیت تمام پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا امکان

muhammad ali محمد علی جمعرات 15 فروری 2024 20:52

پٹرولیم مصنوعات میں ممکنہ اضافے کی تفصیلات سامنے آ گئیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 فروری2024ء) پٹرولیم مصنوعات میں ممکنہ اضافے کی تفصیلات سامنے آ گئیں، پٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، لائٹ اسپیڈ ڈیزل سمیت تمام پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ 15 روز کے لیے اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پیٹولیم مصنوعات 8 روپے تک مہنگی ہو سکتی ہیں۔

پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 90 پیسے اضافے کا امکان ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 8 روپے تک بڑھائے جانے کا امکان ہے۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 76 پیسے تک اضافے ہوسکتا ہے۔ مٹی کا تیل بھی 41 پیسے مہنگا ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کے لیے اوگرا آج اپنی ورکنگ حکومت کو بجھوائے گا۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ نگراں وزیراعظم سے مشاورت کے بعد آج حتمی منظوری دے گی۔ قیمتوں میں رد و بدل عالمی مارکیٹ کے تناسب سے ہوگا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔ دوسری جانب نگران وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سفارش پر گیس کی قیمتوں میں67 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گزشتہ روز گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی تھی، کابینہ نے 14 فروری کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی ہے۔

پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین اور کیپسٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں مناسب اضافہ کیا جائے گا، نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا جائے گا۔ پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں کے فکسڈ چارجز میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ بلک میں گیس استعمال کرنے ولوں کیلئے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمتوں میں 900 روپے کا اضافہ ہوگا، سی این جی سیکٹر کیلئے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمتوں میں 170 روپے کا اضافہ ہوگا، پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم فروری سے ہوگا۔