فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قابل اعتماد اور قابل عمل منصوبے بغیر رفح میں آپریشن آگے نہیں بڑھانا چاہیے، صدر جو بائیڈن

ہفتہ 17 فروری 2024 08:50

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2024ء) امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک مرتبہ پھر اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے کہا ہے کہ فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قابل اعتماد اور قابل عمل منصوبے کے بغیر رفح میں فوجی آپریشن کو آگے نہیں بڑھانا چاہیے۔عرب نیوز کے مطابق وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے یرغمالیوں کے لیے ہونے والے مذاکرات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور صدر بائیڈن نے وعدہ کیا کہ وہ یرغمالیوں کی رہائی میں مدد کے لیے مسلسل اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فورسز نے جمعرات کو کہا تھا کہ انہوں نے غزہ کے سب سے بڑے فعال ہسپتال پر چھاپہ مارا ہے۔ اس چھاپے نے وہاں سینکڑوں مریضوں، طبی کارکنوں اور جنگ سے پناہ لینے والے بے گھر فلسطینیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ہسپتال میں لڑائی ایسے وقت پر ہو رہی ہے جب دوسری جانب اسرائیل کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کے لیے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی دباؤ کا سامنا ہے۔اس ماہ کے آغاز میں صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل کا فوجی ردعمل حد سے تجاوز کر رہا ہے۔ انہوں نے فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا تھا۔