امیرجماعت اسلامی کا استعفا مسترد،دوبارہ ذمہ داریاں سنبھال لیں

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا

ہفتہ 17 فروری 2024 19:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2024ء) مجلس شوری نے امیر جماعت اسلامی کا استعفی منظور نہیں کیا، سراج الحق نے جماعت اسلامی پاکستان کی امارت دوبارہ سنبھال لی۔ منصورہ میں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی زیرِصدارت جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کا ہنگامی اجلاس ہوا۔جس میں ملک بھر سے اراکین مرکزی مجلس شوری شریک ہوئے۔

اجلاس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے استعفی پر غور کیا گیا۔ جماعت اسلامی کے دستور کے مطابق مرکزی مجلس شوری نے متفقہ طور پر استعفی مسترد کرتے ہوئے سراج الحق پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وہ دستور کے مطابق اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔شوری نے کہا کہ انتخابات میں ناکامی امیر جماعت کی نہیں دھاندلی کی وجہ سے ہوئی، انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں ، چیف الیکشن کمیشن فوری استعفی دیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ممبران شوری کا کہنا تھا کہ جماعت کی ذمہ داریوں کو حسب سابق بطور امیر رہنمائی فرمائیں۔کمیٹی میں شامل لیاقت بلوچ، امیر العظیم، راشد نسیم، پروفیسر ابراہیم، اسد اللہ بھٹو نے سراج الحق سے ملاقات کی۔ مرکزی ترجمان قیصر شریف کے مطابق مرکزی مجلس شوری نے متفقہ طور پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا استعفی مسترد کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق پرمجلس شوری نے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق اپنی نشست پر تشریف لے آئے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی صدارت میں اجلاس جاری ہے۔

قیصر شریف نے کہا کہ سراج الحق دستور کے مطابق اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ سراج الحق نے عام انتخابات میں ناکامی کے بعد جماعت اسلامی کی امارت سے 12 فروری کو استعفی دے دیا تھا۔سراج الحق نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ محنت اور کوشش کے باوجود کامیابی نہیں دلا سکا، الیکشن میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی امارت سے استعفی دیتا ہوں، الیکشن میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں… اعجاز خان