افراتفری نہیں چاہتے لیاقت چٹھہ کے انکشاف کی تحقیقات ضروری ہیں، فرح ناز اکبر

انتخابی نتائج پر ہماراے بھی تحفظات ہیں لیکن سیاسی، معاشی ،جمہوری نظام کو مستحکم کرنے کیلئے آگے بڑھناچاہتے ہیں،مسلم لیگی رہنما مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے اپنی جانوں نے نذرانے پیش کئے لیکن جمہوریت پر آنچ نہیں آنے دی،صدر مسلم لیگ(ن) شعبہ خواتین اسلام آباد

پیر 19 فروری 2024 19:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سنیئر رہنما ومسلم لیگ(ن) اسلام آباد شعبہ خواتین کی صدرفرح ناز اکبر نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے انتخابی نتائج کے حوالے سے تحفظات بہر حال موجود ہیں لیکن مسلم لیگ(ن) نے سیاسی ،معاشی اور جمہوری نظام کو مستحکم کرنے اور پارلیمان کی بالادستی قائم رکھنے کیلئے انتخابی نتائج قبول کئے، ایسے میں مستعفی کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کے انتخابی نتائج سے متعلق بیان کی مکمل تحقیقات فوری ہونی چاہئیں۔

انہوں نے کہاکہ قائد میاں نوازشریف معاشی و سیاسی عدم استحکام میں گھرے پاکستان اور مجبور مفلوک حال مسائل کے منجدھار میں جکڑی قفوم کیلئے مسیحا ہیں،گذشتہ ادوار میں ناپختہ اور طفلانہ سیاسی قیادت نے ملک کے ساتھ بدترین سیاسی و معاشی کھلواڑ کرتے ہوئے ملک وقوم کو پستی اور اندھیروں میں دھکیل دیا جس کی وجہ سے آج پوری قوم اور ہمارا پاکستان خمیازہ بھگت رہاہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما فرح ناز اکبر نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) جمہوریت کی علامت سیاسی جماعت ہے جس کی سیاسی کا محور و مرکز صرف عوامی مسائل کا حل اور جمہوریت کیلئے جدوجہد ہے، مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے ملک میں انارکی ،نفرت کے بجائے اسے متحد کرنے کی سیاست کی،یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ(ن) بدترین سیاسی مخالفین بھی اس کی جمہوریت کے حوالے سے کاوشوں کو سراہتے ہیںجبکہ پی ٹی آئی کے دور اقتدار میں پارٹی قائدین سمیت دیگرمرکزی لیڈران سمیت دیگر سیاسی مخالفین کو بدترین انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا کر تمام حدودو قیود پھلانگ دیں، ہمارے لئے تمام سیاسی جماعتیں اور ان کی قیادت قابل احترام ہے مگر فرق یہ ہے کہ مسلم لیگ(ن) ملک و ملت کے مفادات کے تابع پالیسیوں کو اپنی ترجیحات میں شامل کرتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل کو سیاست کے نام پر ملک میں جس طرح ذاتی مفاد کیلئے استعمال کیاگیا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں کیونکہ ان کی غلط طرز سیاست اور حکمرانی نے ہماری اخلاقی اقتدار کو تباہ وبرباد کردیا جس کی وجہ سے آج معاشرے میں جو انتشار اور بدگومانی اور نفرت کی سیاست کو پروان چڑھایا ہے اس لئے ملک کو درپیش موجودہ سنگین حالات سے نجات اور معاشرے کی اسلامی واخلاقی بنیادوں پر تربیت و تعمیر کیلئے قائد میاں نوازشریف جیسی تجربہ کار مخلص ومدبر قیادت ناگزیر ہے۔