ژ*خیرپور میں گیس کے نئے ذخائر دریافت ہونے سے معیشت مستحکم ہوگی،ملک خدا بخش

لله*ڈھرکی میں مجموعی طور سے تین بار گیس کے ذخائر دریافت ہوچکے ہیں،کنوینر اسٹینڈنگ کمیٹی ایف پی سی سی آئی

پیر 19 فروری 2024 20:05

!کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2024ء) پیٹرولیم ور سی این جی انڈسٹری کے لیڈر،یو بی جی کورکمیٹی کے رکن،انٹرنیشنل ڈائریکٹر لائنز کلب اور ایف پی سی سی آئی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائی"انرجی"کے کنوینر ملک خدا بخش نے سندھ کے ضلع خیرپور میں تیل وگیس کے نئے ذخائر کے دریافت ہونے کو پاکستان کی معیشت کے استحکام کا ضامن قرار دیا ہے۔

ملک خدا بخش نے کہا کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نے سندھ میں تیل وگیس کے نئے ذخائر کی دریافت ہونے کی خوشخبری سندھ کے عوام کو سنائی ہے اور یہ ذخائر سندھ کے ضلع خیر پور سے گیس دریافت ہوئے ہیں ، خیرو ویل ون کی 3762 میٹر تک کھدائی کی گئی جہاں سے ابتدائی طورپریومیہ ایک کروڑ 43لاکھ مکعب گیس ملنے کا تخمینہ ہے جب کہ یومیہ 93 بیرل خام تیل بھی حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی او جی ڈی سی ایل نے سندھ کے ضلع ٹنڈو اللہ یار میں درس ویسٹ کنواں نمبر 2 سے تیل و گیس کے وسیع ذخائر دریافت کیے تھے۔ملک خدا بخش نے کہا کہ سندھ پر اللہ تعالی کا خاص کرم ہے کہ اس سے قبل بھی ڈھرکی میں6.57ملین کیوبک فٹ گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے تھے جبکہ ڈھرکی میں مجموعی طور سے تین بار گیس کے ذخائر دریافت ہوچکے ہیں۔

ملک خدا بخش نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ میں گیس کی قلت سے جہاں گھریلو صارفین پریشان ہیں وہیں صنعتی شعبہ بھی بدترین مسائل سے دوچار ہے جبکہ سی این جی انڈسٹری بھی گیس کے ذخائر کم ہونے سے اربوں روپے کا نقصان اٹھا چکی ہے اور سینکڑوں سی این جی اسٹیشنز بند ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے سی این جی اسٹیشنز مالکان مالی بحران کا شکار ہوگئے ہیں تاہم مشکل ترین حالات میں بھی پہلے ماڑی پیٹڑولیم لمٹیڈ اور اب او جی ڈی سی ایل نے گیس کے نئے ذخائر دریافت کرکے مستقبل میں سندھ کی خوشحالی کی نوید سنا دی ہے جس سے یقیناً پاکستان کو فائدہ پہنچے گا۔