ریجنل ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام آزادکشمیر ریجن نے ضلع نیلم میں کنٹرول لائن پر واقع بسپ تحصیل دفاتر کا دورہ کیا

بدھ 21 فروری 2024 22:50

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2024ء) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ریجنل ڈائریکٹر نےآزاد جموں و کشمیر میں کنٹرول لائن پر واقع ضلع نیلم کا 3 روزہ جامع دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد بینظیر کفالت،بینظیر تعلیمی وظائف، ڈیجیٹل سروے، ڈائنامک رجسٹریشن، فنڈز کی تقسیم، نشوونما گرانٹس اور بینک یا نادرا سے متعلقہ مسائل کے فوری حل سمیت جامع سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے آٹھمقام، شاردہ اور کیل کے تحصیل دفاتر کی فیلڈ سرگرمیوں کا جائزہ اور نگرانی کرنا تھا۔

انہوں نے ضلع نیلم میں تحصیل سطح پر قائم بے نظیر نشوونما سنٹر زکا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے فیلڈ دفاتر کے سربراہ جناب ندیم بیگ نے حال ہی میں نیلم میں قائم کیے گئے بینظیر نشوونما سینٹر کی موجودہ صورتحال کے حوالہ سے بتایا کہ معاشرے کے غریب ترین طبقے کے لیے ایک جامع منصوبہ اور پیکج تیار کیا گیا ہے اور بی آئی ایس پی کے تحت بینظیرنشوونما پروگرام ضلع نیلم میں اپنی فیلڈسرگرمیاں بخوبی سر انجام دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

ریجنل ڈائریکٹربسپ ڈاکٹر عبدالعزیز قریشی نیدورے کے دوران بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والی خواتین بینفشریز، عملے اور مقامی حکام سے بات چیت کی تاکہ مراکز کے آپریشنز اور اثرات کے بارے میں خود بصیرت حاصل کی جا سکے۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالعزیزقریشی نے زور دیا کہ شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور شفاف ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے بسپ نیلم کی پوری ٹیم کو نگرانی کے لیے خصوصی ہدایت کی۔

انہوں نے مستحقین سے کہا کہ وہ اپنی پوری رقم وصول کریں اور رسید لازمی لیں۔ اگر کوئی ایجنٹ ادائیگی کے لیے کسی بھی قسم کی کٹوتی یا فیس کا مطالبہ کرتا ہے، تو فوری طور پر بسپ ٹول فری ہیلپ لائن 26477 0800پر اطلاع دیں اور قریبی تحصیل دفتر سے رابطہ کر کے شکایت درج کروائیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مختصر عرصے میں بسپ نے شراکت دار تنظیموں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر متعدد نئے منصوبے شروع کیے ہیں۔

اسپانسر شپ پروگرام کے تحت سہ ماہی فنڈز کی تقسیم کے دوران پیدا ہونے والے خدشات کو دور کرتے ہوئے،انہوں نیکہا کہ خواتین کو پوری رقم نہ ملنے کی شکایت کو دور کرنے کے لیئے بی آئی ایس پی نے ادائیگیوں کے لیے ایک نیا بینکنگ سسٹم متعارف کرادیا ہے، ابتدائی طور پر صرف دو بینکوں کے زیر انتظام طریقہ کار کو بہتر بناتے ہوئے ملک کو اب 15 کلسٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے، جس میں آٹھ سے زیادہ بینکوں کو کٹوتیوں کی شکایات کو کم کرنے کے لیے فریضہ فویض کیا گیاہے۔