امریکا کے اہم ترین شہر بوسٹن کے قریب گاڑی سے فوج کے زیراستعمال راکٹ لانچربرامد

M190راکٹ لانچر گاڑی کی پچھلی سیٹ کے نیچے کپڑوں میں چھپایا گیا تھا‘گاڑی سے منشیات بھی برآمد ہوئی ہیں.پولیس ترجمان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 22 فروری 2024 14:24

امریکا کے اہم ترین شہر بوسٹن کے قریب گاڑی سے فوج کے زیراستعمال راکٹ ..
بوسٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 فروری۔2024 ) امریکی ریاست میسی چوسٹس کے شہر بوسٹن کے قریب ایک مشکوک گاڑی کی تلاشی کے دوران پولیس نے کوکین سمیت امریکی فوج کے زیراستعمال ایک راکٹ لانچر برآمد کیا ہے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ورسیسٹر کاو¿نٹی کے شہر سوٹن کے شیرف ڈیپارٹمنٹ نے بتایا ہے کہ M190راکٹ لانچر گاڑی کی پچھلی سیٹ کے نیچے چھپایا گیا تھا ‘پولیس نے ملزم کے عزائم کے بارے میں کسی سوال کا جواب نہیں دیا ان کا کہنا تھا کہ ملزم سے راکٹ لانچر اور اعلی کوالٹی کی مہنگی کوکین برآمد ہوئی ہے .

(جاری ہے)

شیرف ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے تفتیش کی جارہی ہے کہ وہ راکٹ لانچرکے ساتھ ریاست میسی چوسٹس کے حساس علاقے میں کیا کررہا تھا پولیس نے ملزم کی شاخت بھی ظاہر نہیں کی ہے اور صرف برآمد شدہ راکٹ کی ایک تصویر جاری کی گئی ہے . مقامی شیرف ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ ہولناک ہے کہ امریکا کی اہم ترین شخصیات کی رہائشی عمارتوں والے علاقے کے چند میل دور ایک شخص گاڑی میں منشیات اور راکٹ لانچر لے کر گھوم رہا تھا.

انہوں نے بتایا کہ معمول کی پیٹرولنگ کے دوران پولیس نے مشکوک گاڑی کو روک کر تلاشی لی ‘راکٹ لانچر برامد ہونے کے بعد ہمارا خیال تھا کہ ملزم کے ساتھی بھی گردونواح میں ہوسکتے ہیں اس لیے کاﺅنٹی میں کسی بھی طور پر مشکوک نظرآنے والی گاڑیوں کی تلاشی کا عمل شروع کیا گیا کیونکہ ہم یقینی بنانا چاہتے تھے کہ علاقے میں مزید دھماکہ خیزمواد ‘لانچریا اس طرح کے خطرناک ہتھیار نہ ہوں انہوں نے بتایا کہ راکٹ لانچر کو محفوظ کرلیا گیا ہے .

ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ گرفتار کیئے گئے ملزم سے تفتیش جاری ہے کہ اس نے راکٹ لانچرکہاں سے حاصل کیا اور اس کے عزائم کیا تھے تاہم ملزم ابھی تک تفتیش کاروں سے تعاون نہیں کررہا اور وہ انہیں بھٹکانے کی کوششوں میں لگا ہے اس لیے ہم ابھی تک نہیں جان پائے کہ اس نے امریکی افواج کے زیراستعمال راکٹ لانچر کہاں سے حاصل کیا؟. واضح رہے کہ M72 ہلکا اینٹی ٹینک ہتھیار ہے جو پہلی بار ویتنام جنگ کے دور میں استعمال ہوا تھا جبکہ M190 لانچر اس کا جدید ماڈل کا ہتھیار ہے ادھر امریکی ا فواج کے ترجمان نے کہا کہ تبصرہ کرنے سے پہلے ہمیں صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے وقت درکار ہے کہ یہ ہتھیار ملزم کے ہاتھ کہاں سے اورکیسے لگا؟.

پولیس ترجمان نے بتایا کہ ڈبل کیبن گاڑی بوسٹن کے قریب ورسیسٹر کاو¿نٹی کے علاقے سوٹن کے ایک ہوٹل کے باہر کھڑا تھا جس کے اندر ایک شخص بیٹھا تھا پولیس نے30منٹ تک اس کی حرکات وسکنات کا جائزہ لے کر گاڑی کی تلاشی لینے کا فیصلہ کیا پولیس ترجمان نے بتایا کہ منشیات اس نے گاڑی کے ڈیش بورڈ میں رکھی تھیں منشیات کی برآمدگی کے بعد گاڑی کی مکمل تلاشی لینے کا فیصلہ ہوا تو پچھلی سیٹ کے نیچے کپڑوں میں چھپایا راکٹ لانچر برآمد ہوا انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں وفاقی ایجنٹس کو بھی بلایا گیا ہے تاکہ بوسٹن کے دفاع کو یقینی بنایا جاسکے.

واضح رہے کہ ریاست میسی چوسٹس کا شہر بوسٹن اس لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ امریکا کی اہم ترین شخصیات کے گھر اس شہر میں موجود ہیں جن میں سیاست دان‘اعلی سرکاری و وفوجی حکام اور بڑی کاروباری شخصیات سمیت ہر شعبہ زندگی کے امیر ترین افراد کا ایک گھر بوسٹن میں موجود ہے اس لیے بوسٹن کو امریکا کے حساس اور اہم شہروں میں شمار کیا جاتا ہے.