عامر خان کی فلم’’دنگل‘‘ کی اداکارہ کی موت کے بعد ان کے والدین سے ملاقات

وہ ایک باصلاحیت نوجوان اداکارہ تھیں، اٴْن کے بغیر فلم ‘دنگل’ ادھوری تھی، سوہانی ہمیشہ ہمارے دلوں میں اسٹار بن کر زندہ رہے گی،عامر خان

جمعہ 23 فروری 2024 11:20

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2024ء) بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنی سٴْپر ہٹ فلم ‘دنگل’ کی اداکارہ سوہانی بھٹناگر کی موت کے بعد ان کے والدین سے ملاقات کی۔بھارتی میڈیا کے مطابق سوہانی بھٹناگر کی موت کے چند دن بعد، عامر خان نے 22 فروری جمعرات کی شام فرید آباد میں اداکارہ کے گھر جاکر اٴْن کے والدین اور رشتہ داروں سے ملاقات کی۔

سوہانی کے والدین سے ملاقات کے بعد عامر خان نے اداکارہ کی بیماری کے بارے میں بات کی اور ان کی اچانک موت پر تعزیت کی، سوہانی کے چچا نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان کے ان کے گھر آنے کی خبر کی تصدیق کی۔عامر خان کے پروڈکشن ہاؤس نے بھی سوہانی بھٹناگر کی موت پر دٴْکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ہمیں ہماری سوہانی کی موت کے بارے میں سٴْن کر بہت دکھ ہوا ہے، ان کے والدین اور پورے خاندان کے ساتھ ہماری دلی تعزیت ہے۔

(جاری ہے)

پروڈکشن ہاؤس نے سوہانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت نوجوان اداکارہ تھیں، اٴْن کے بغیر فلم ‘دنگل’ ادھوری تھی، سوہانی ہمیشہ ہمارے دلوں میں اسٹار بن کر زندہ رہے گی۔اس سے قبل 19 سالہ سوہانی بھٹناگر کے والد نے بھارتی میڈیا کو بتایا تھا کہ اٴْن کی بیٹی ڈرماٹومیوسائٹس کے مرض میں مبتلا تھیں، یہ ایک نایاب مرض ہے جس میں جسم پر سوجن آتی ہے، جِلد پر دانے نکل آتے ہیں اور پٹھے کمزور ہوجاتے ہیں اور اس مرض کا واحد علاج سٹیرائیڈز ہے۔

سوہانی کے والد کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کے مطابق اس بیماری سے صحتیاب ہونے میں کافی وقت لگتا ہے۔ تاہم، کمزور قوت مدافعت کی وجہ سے، سوہانی کو اسپتال میں انفیکشن ہوگیا تھا، سوہانی کے پھیپھڑے کمزور ہوگئے تھے جس کی وجہ سے پھیپھڑوں میں پانی بھرگیا تھا، سانس لینا مشکل ہو گیا تھا اور 16 فروری کی شام سوہانی دٴْنیا سے رخصت ہوگئی۔